لاہور (آن لائن) تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز نے حال ہی میں یو ایس، افغان معاہدہ پر یو ایس، افغان ڈیل کے نام سے ایک حقائق نامہ جاری کیا ہے جس میں معاہدہ کی کامیابی اور خطے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا ہے۔ حقائق نامہ کے مطابق اگرچہ تمام دنیا کی نظریں اس امن معاہد ے پر تھیں لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے پھیلنے والی وبا نے اس معاہد ے کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی پر عمل نہ ہونے سے اس معاہدہ کو دھچکا لگا ہے۔ امریکہ ایک طرف طالبان اور دوسری طرف کابل کو غیرمتواتر پیغام دے رہا ہے جس سے دونوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔ کیا امریکہ افغانستان سے واقعی جانا چاہتا ہے یا یہ امن معاہدہ کے نام ڈرامہ کیا گیا ہے۔ تاکہ صدر ٹرمپ کو الیکشن میں دوبارہ منتخب کیا جا سکے۔ آئی پی آر کے مطابق پاکستان کا افغانستان میں اہم کردار ہے جس میں وہ افغانستان کے حالات کو مزید ٹھنڈا کر سکتا ہے۔ افغانستان میں بھارت کا نفرتیں پیدا کرتا ہوا رویہ بھی دیکھنا ہو گا۔