اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے اور غریب مستحقین کی مالی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے احساس کفالت پروگرام کے تحت ماہانہ مالی معاونت کی فراہمی جاری رہے گی تاہم شراکت دار بینک مستحقین کو خدمات کی فراہمی کے عمل کے دوران تحفظ اور حفظان صحت کے تمام ضروری پروٹوکولز کو یقینی بنائیں گے۔ کفالت مستحقین کو وظائف کی ادائیگی جدید بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کی جاتی ہے۔احساس کی طرف سے کفالت مستحقین کو وظائف کی بائیو میٹرک ادائیگو ں کے دوران کروناوائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پارٹنر بینکوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے سلسلے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈ اکٹر ثانیہ نشتر نے اسلام آباد میں ایک نجی بینک کے آؤٹ لیٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر انھوں نے وہاں موجود کفالت مستحقین خواتین کو حفاظتی تدابیر کا عملی مظاہرہ کر کے بتایا کہ وہ کس طرح حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے بائیو میٹرک نظام کے ذریعے اپنے وظائف وصول کر سکتیں ہیں۔کفالت مستحقین اس مرتبہ 9000 روپے کی امداد وصول کر رہے ہیں جس میں پچھلے بقایاجات بھی شامل ہیں۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس کفالت کے مستحقین کو ادائیگیاں جاری رکھنے اور ضروری تعمیل کیلئے ہدایات شراکت دار بینکوں کوارسال کردی گئی ہیں۔ احساس روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اوراس کے مطابق مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں ملک کے 15اضلاع میں جاری احساس نادرا ررجسٹریشن کے کام کو 16 مارچ سے5 اپریل 2020 تک معطل کر دیا گیا ہے۔ حالات کے سازگار ہوتے ہی رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع ہو جائے گا۔احساس کی طرف سے شراکت دار بینکوں اور اس کے فیلڈ دفاتر سے مستحق افراد کو BVSپر مبنی ادائیگی کے دوران احتیاطی تدابیرجاری کی جا چکی ہیں۔سینٹائزرز اور وائپز کو تمام BVSٹچ پوائنٹس پر دستیاب کیا جائے گا اور بی بی ایجنٹس خدمات کی فراہمی کے دوران ماسکس پہننے کو یقینی بنائیں گے۔ انگلیوں کے نشانات کی تصدیق سے پہلے، مستحقین کو ہدایت کی جائے گی کہ کس طرح سے سینٹائزرز اور وائپز سے ہاتھ دھوئے جائیں۔تمام BVSاے ٹی ایمز میں حفظان صحت اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔احساس کی طرف سے جاری حفظانِ صحت پروٹوکول کے ذریعے ادائیگیوں کے عمل کو مسلسل اور یقینی بنایا جائے گا۔