لاہور (نمائندہ خصوصی + کرائم رپورٹر) بتایا گیا ہے لاہور پولیس نے گزشتہ 03 روزکے دوران دفعہ144 کی خلاف ورزی پر 09 افراد کو گرفتار کر کے شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے ہیں۔ کبوتر مارکیٹ میںایل ای ڈی پر میچ لگا کر لوگ اکٹھے کرنے اور تھانہ شالیمار کے علاقہ میں سنوکر کلبز میں رش لگانے پر مقدمات درج کئے گئے۔ تھانہ چوہنگ نے پٹواری بشیر احمد، رائیونڈ‘ کاہنہ‘ مصطفٰی آباد پولیس نے پابندی کے باوجود شادی و ولیمہ کی تقریبات منعقد کرنے پر مقدمات درج کئے۔ گرفتار ملزمان میں گلریز، عبدالمقیت، حسن مدنی، علی رضا، وقاص، محسن، نواز، علی اور شہباز کھوکھر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت میں 16سے 20مارچ تک جاری انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکز کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے لاہور پولیس نے سکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔ انسدادِ پولیو مہم کے دوران لاہور پولیس کے مجموعی طور پر01ہزار سے زائد افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ تھانوں کی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں بھی تمام متعلقہ یونین کونسلز میں موثر پٹرولنگ یقینی بنا رہی ہیں۔ مزید برآں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سنوکر کلبوں کیخلاف کریک ڈاؤن، درجنوں نوجوانوں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سمن آباد اور اقبال ٹاؤن پولیس نے کارروائی کے دوران سنوکر سٹکیں اور بال بھی قبضے میں لے لئے۔
ہجوم‘ شادی تقریبات، سنوکر کلبوں کیخلاف کریک ڈاؤن‘ بیسیوں گرفتار
Mar 18, 2020