لاہور(سپورٹس رپورٹر، نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبروں کی تردید کردی اور کہا کہ میرے متعلق جھوٹی خبریں مت پھیلائیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انگلش کھلاڑی نے لکھا بالکل صحت مند ہوں اور مجھے کرونا وائرس نہیں ہے۔ البتہ اتوار کی صبح بیدار ہوا تو مجھے کچھ بخار تھا اور میں نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں خود کو محدود کر لیا اور ابھی بھی مجھے کچھ کھانسی ہے۔ جارح مزاج انگلش بلے باز نے کہا کہ ابھی وائرس کا ٹیسٹ ممکن نہیں لیکن مجھے امید ہے کہ ٹیسٹ کرانے کے بعد اس حوالے سے مکمل تصدیق کر سکوں گا۔ واضح رہے کہ معروف کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر رمیز راجہ نے کہا تھا کہ انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز لندن میں کرونا وائرس ٹیسٹ کروا رہے ہیں، شاید ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی کچھ علامات سامنے آئی ہیں۔ رمیز راجہ کے بیان کے بعد خلیجی اخبار ’گلف نیوز‘ نے دعویٰ کیا تھا ایلکس ہیلز کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے تنہائی اختیار کر لی ہے۔