کرونا: پیپلزپارٹی کی غیرضروری سرگرمیاں معطل’’جیالے عوام کی رہنمائی کریں‘‘ : بلاول

Mar 18, 2020

اسلام آباد، رحیم یار خان (نوائے وقت رپورٹ، بیور ورپورٹ) کرونا کی صورتحال کے پیش نظر پیپلز پارٹی نے تمام غیر ضروری سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو وزیراعلیٰ سندھ کی سفارشات فوری نافذ کرنے کی تجویز دے دی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ہر فرد کی حفاظت کے تناظر میں کچھ اہم اعلانات کرنے ہیں۔ پیپلز پارٹی تمام غیر ضروری سیاسی سرگرمیوں کو معطل اور موخر کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو نے ہدایات جاری کیں کہ جیالے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے لوگوں کی مدد کریں، آگاہی پھیلائیں، کمزوروں کی مدد کریں، سماجی دوری کی مشق کریں اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 4 اپریل کو ہونے والا اجتماع بھی موخر کر دیا گیا ہے۔ عوام کو موبلائز کرنے کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں کہ وہ سب کچھ کر رہے ہیں جو ان کے اختیار میں ہے۔ کرونا بحران سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت تمام حکومتوں سے بہتر ہے۔ وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وزیراعلیٰ سندھ کی سفارشات کا فوری نفاذ کریں۔ دریں اثناء مخدوم شہاب الدین سے ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران کرونا وائرس کی طرح پاکستان کونقصان پہنچا رہے ہیں اورصرف 18ماہ کے دوران ہی پاکستان معاشی طور پر کھوکھلا ہو چکا ہے اورعوام مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی ائیرپورٹ پر ایران و دیگر ملکوں سے آنے والے مسافروں کے کرونا بارے ٹیسٹ کے بہترین انتظامات ہوتے تو آج پاکستان کا شمار کرونا فری ممالک میں ہوتا۔

مزیدخبریں