کرونا: پاکستان میں 52 نئے کیسز، نماز جمعہ 2 فرض تک محدود، پی ایس ایل ملتوی، سندھ: سرکاری دفاتر، شاپنگ مالز، ریسٹرونٹس، انٹرسٹی بسیں بند

لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ مکہ مکرمہ (نیوز رپورٹر‘ سپورٹس رپورٹر‘ نمائندہ سپورٹس‘ وقائع نگار‘ ممتاز احمد بڈانی) ملک بھر میں کرونا کے مزید 52 کیسز سامنے آئے ہیں۔ کیسز کی مجموعی تعداد 236 ہو گئی ہے۔ پی ایس ایل ملتوی کر دیا گیا ہے۔ منگل کو ہونے والے دونوں سیمی فائنلز اور آج لاہور میں ہونے والا فائنل ملتوی کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے پیش نظر تمام سرکاری دفاتر (ماسوائے لازمی سروس کے زمرے میں آنے والے صحت، ہسپتال، واٹر بورڈ، بلدیات وغیرہ) کل بروزجمعرات سے بند کرنے اور آج سے 15 دن کے لیے تمام شاپنگ مالز ، سی ویو ، ریسٹورنٹس اور الیکٹرونک مارکیٹ، پبلک پارکس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہسپتال حسب معمول کام کرتے رہیں گے جبکہ ان کی او پی ڈیز 15 دنوں کے لیے بند رہیں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کو بھی بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں 200 کرونا وائرس ٹیسٹ کی گنجائش بڑھا کر 5000 کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اس کے پھیلائو کو روکنا ہے۔ اگر یہ وائرس پھیل گیا تو ہسپتال کم پڑ جائیں گے۔ وزیراعلی سندھ نے یہ فیصلے گزشتہ روز ٹاسک فورس کے 20 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بندش کے عرصے کے دوران تمام کریانہ کے سٹور، سبزی، مرغی، مچھلی مارکیٹس، ڈبل روٹی بیچنے والے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء فروخت کرنے والی دکانیں کھلی رہیں گی اور اگر مذکورہ دکان دار چاہیں تو اپنی دکانیں 24 گھنٹے بھی کھول سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو ان کے گھروں تک محدود کرنا چاہتے ہیں اور اس بندش کا کل سے اطلاق ہوگا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سرکاری دفاتر کو بند کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ہوٹلز میں ریسٹورنٹس سروس بند ہوگی اور ریسٹورنٹس آرڈر پر کھانا لوگوں کو بھیج تو سکتے ہیں مگر اپنے ہاں کھانا کھلانے پر پابندی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انٹر سٹی بس سروس بھی پرسوں سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ جن لوگوں نے بھی اپنے شہروں کو واپس جانا ہے وہ 2 دن کے اندر واپس چلے جائیں۔ انٹرا سٹی بس سروس حسب معمول چلتی رہے گی۔ وزیراعلی سندھ نے 3ارب روپے سے کرونا وائرس فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں، میں (وزیراعلی سندھ )، میرے وزرائ، مشیران، سپیشل اسسٹنٹس، میئر کراچی، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور چیئرمین پی اینڈ ڈی اپنی پوری تنخواہ دے رہے ہیں جبکہ گریڈ 21کے افسران اپنی آدھی تنخواہ فنڈ میں دیں گے اور گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کی 10 فیصد تنخواہ کاٹی جائے گی اورگریڈ 1تا گریڈ 16 تک کے ملازمین کی 5 فیصد تنخواہ فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ فنڈ 5 افراد مل کر چلائیں گے، ان میں 2 سرکاری اور 3 نجی شعبے سے ہوں گے۔ یہ فنڈ چیف سیکرٹری ممتاز شاہ کے تحت ہوگا جبکہ حکومت کی جانب سے سیکرٹری خزانہ ممبر اور نجی شعبے کی جانب سے انڈس ہسپتال کے ڈاکٹر عبدالباری، فیصل ایدھی اور مشتاق چھاپرا ممبر ہوں گے۔ یہ کمیٹی کرونا وائرس کے حوالے سے تمام اخراجات کرنے کے لیے بااختیار ہوگی۔ وزیراعلی سندھ نے انتظامات کرنے کے لیے کمشنر سکھر سے ویڈیو لنک کانفرنس کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 38 ہوگئی ہے جبکہ سکھر میں تفتان سے آئے ہوئے زائرین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 134 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز کراچی کے جناح ٹرمینل پر 31فلائٹس شیڈول تھیں ان میں سے 9 فلائٹس منسوخ ہوگئیں۔ مسافروں کی اسکریننگ کے بعد 3 مسافر وائرس کے حوالے سے مشکوک پائے گئے اور انہیں قرنطینہ میں بھیج دیاگیا اور ان کے نمونے لیب ٹیسٹ کے لیے بھیج دئیے گئے۔ 696 زائرین سکھر سے روانہ ہوئے۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب میں 5 نئے افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پہلے فیز میں ایران سے پنجاب پہنچنے والے 42 زائرین کے ٹیسٹ کئے گئے تھے جس میں 5 مثبت آئے۔ اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد8 ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹویٹ کی اور بتایا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے کل 234 کے ٹیسٹ کئے گئے جس میں 115 منفی اور 119 مثبت آئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 155 ہو گئی۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا ڈیرہ غازی خان آنے والے 42زائرین میں سے 5 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ یاسمین راشد نے کہا پہلے دن سے ایک ہی بات کر رہے ہیں کہ احتیاط لازمی ہے۔ ہم نے 6 دن پہلے میڈیکل ایمرجنسی نافذ کی۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ لوگ صرف ضرورت کی بنیاد پر ہی گھروں سے باہر نکلیں۔ موجودہ صورتحال کو چھٹی نہ سمجھیں یہ مجبوری ہے۔ وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ڈاکٹروں کی موجودہ صورتحال میں ہڑتال کی کوئی گنجائش نہیں۔ اس سے زیادہ شرمناک اقدام نہیں ہو سکتا۔ کرونا وائرس کے پھیلائو کے خطرے کے پیش نظر پاک افغان چمن سرحدمنگل کو 16ویں روز بھی بند جبکہ آمدورفت معطل رہی۔ پشاور میں بھی کرونا کا ایک مشتبہ مریض سامنے آیا ہے۔خیبر پی کے حکومت نے صوبے میں کرونا وائرس کے 15مریضوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 17 افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ آنا باقی ہیں ، 15مریضوں کا تعلق ایران سے تفتان کے ذریعے آنے والے زائرین میں ہے۔ تفتان سے مزید 225زائرین ڈی آئی خان پہنچ رہے ہیں۔ مفتی محمود ہسپتال میں200 بستروں کا الگ قرنطیہ سینٹر قائم کر دیاگیا ہے۔ پاکستان بھر میں تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی سکریننگ لازمی قرار دے دی گئی اطلاق 21 مارچ سے ہوگا۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس نے کہا ہے کہ ایک ہفتہ میں کرونا متاثرین کی تعداد میں تیزی آئی ہے۔ کرونا وائرس دنیا کے 162 ملکوں تک پھیل گای جس سے 7 ہزار 100 سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 79 ہزار سے زائد ہو گئی۔ چین میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 80 ہزار 860 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 3000 اور سپین میں 1000 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹسن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ملک کی تمام سرحدیں اور فضائی روٹس بند کر دیئے جائیں۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈ نے حکم جاری کیا ہے کہ 18 مارچ کے بعد کینیڈا کی تمام سرحدیں اور فضائی روٹس بند کر دیئے جائیں۔ اوٹاوا میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹرڈو نے اپنے ملک کو مکمل طورپر لاک ڈائون کرنے کا اعلان کیا۔ ملک میں کرونا وائرس کی وباء کے بڑھنے کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس آیل) فائیو کو فوری طورپر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے پی ایس ایل فائیو کے دونوں سیمی فائنل اور آج ہونے والا فائنل ملتوی کر دیئے گئے۔ پاکستان سپر لیگ فائیوکا پہلا سیمی فائنل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان جیکہ دوسرا سیمی فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان تھا۔ دونوں میچز ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ایک غیرملکی کھلاڑی میں کروناوائرس کا شبہ تھا۔ غیرملکی کھلاڑی میں علامات کے بعد پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کھلاڑیوں‘ آفیشلز کا تحفظ کرنا ہے۔ پی ایل ایل کو مکمل کرانے کیلئے ہم نے بہت اقدامات کئے۔ میچ بھی کم کئے اور پی ایس ایل سے منسلک تمام لوگوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی میں کرونا وائرس کا شبہ ہے۔ غیرملکی کھلاڑی میں علامات کے بعد ہم نے پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے مزیدکہا کہ تمام فیصلے حکومت کی ایڈوائزری کی بنیاد پر کئے ہیں۔ پی ایس ایل کے میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ پی سی بی کا ہے۔ پی ایل ایل فائیو کے میچز منسوخ نہیں ہوئے۔ ری شیڈول کریں گے اور ملتوی میچز پی ایل ایل کے اگلے سیزن سے پہلے کھیلیں گے۔ فرانس کے صدر عمانویل میکروں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرونا کی روک تھام کیلئے حکومت سخت فیصلے کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ اور معاشی اثرات سے نبردآزما ممالک کی مدد کیلئے 10 کھرب ڈالر قرضہ دینے کیلئے تیار ہے۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف رکن ممالک کیلئے 10 کھرب ڈالر کے قرض دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع کی پہلی لائن کے طورپر فنڈز تیز رفتاری سے جاری کئے جائیں گے تاکہ بیلنس آف پے منٹ سے دوچار ممالک کی مدد کی جا سکے۔مکہ مکرمہ سیممتاز احمد بڈانیکے مطابقسعودی عرب میں مزید 38کیسز سامنے آئے ہیں اور مریضوں کی قل تعداد171 ہو گئی ہے۔ سعودی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے سعودی عرب کی تمام مساجد میں باجماعت نماز پر عارضی پابندی کا حکم جاری کیا ہے۔ موذن حضرات کو اس پابندی پر عمل کی ہدایت دی گئی ہے۔یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر سعودی عرب کے ممتاز علمائ￿ بورڈ کے فتوے کی بنیاد پر کیا گیا ہے مساجد میں اذان پر اکتفا کیا جائے گا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔قبل ازیں سعودی مجلس العلما نے کورونا وائرس سے بچائو اور اس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے جمعہ کی نماز اور مساجد میں فرض نمازیں جماعت سے ادا کرنے پر پابندی کا فتویٰ دیا تھا۔ سعودی عرب میں ممتاز علماکے اعلیٰ ادارے کا منگل کو ریاض میں اجلاس ہوا۔بورڈ کے رکن علما نے کورونا وائرس سے متعلق تمام متعلقہ رپورٹوں کا گہرائی سے جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیر صحت بھی شریک ہوئے۔وزیر صحت نے کورونا وائرس کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تیزی سے منتقل ہوتا ہے۔اجتماعی مقامات پر اس کا خطرہ بھیانک شکل اختیار کرلیتا ہے۔ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر لوگوں کی جان کو زیادہ خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔ اگر اس حوالے سے جامع احتیاطی تدابیر نہ کی گئیں تو اس کا خطرہ دو چند ہوجائے گا۔ وائرس کی منتقلی کا اہم سبب بڑے اجتماع ہوتے ہیں۔ سعودی عرب کے ممتاز علما نے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ کو مد نظر رکھتے ہوئے فتویٰ جاری کیا ہے۔ نمازوں کے وقت اذان پر اکتفا کیاجائے۔ مساجد کے دروازے عارضی طور پر بند کر دیے جائیں۔ مساجد میں اذان دیتے وقت یہ جملہ باآواز بلند دہرایا جائے ’سب لوگ اپنے گھروں میں نماز پڑھ لیں۔ نماز جمعہ کی جگہ سب لوگ اپنے گھروں میں ظہر کی چار رکعت ادا کریں۔ سعودی علما نے یہ بات بھی واضح کردی کہ اس پابندی سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو مستثنیٰ رکھا جائے۔ سعودی علمانے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کی حفاظتی اور احتیاطی تدبیر کی مکمل پابندی کریں اور ان سے بھرپور تعاون کریں۔ انتظامات کا احترام کریں۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں علماء کا ادارہ (ھئیۃ کبار العلماء ) کے نام سے قائم ہے۔ اسے سربرآوردہ علماء بورڈ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے ارکان اور سربراہ کی تقرری خادم حرمین شریفین کی جانب سے کی جاتی ہے۔ مذہبی امور کے فیصلے اسی ادارے کے فتوے کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔ترک حکومت نے سعودی عرب سے عمرے کے بعد لوٹنے والے ہزاروں تک شہریوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرونا وائرس کے نئے مریضوں کی تشخیص کے بعد ان زائرین کو دیگر افراد سے الگ تھلگ کر دیا گیا ہے۔ قطری وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ریاست میں کرونا کے متاثرین کی تعداد 439 تک جا پہنچی ہے۔ دوسری طرف ترکی نے مزید 12 کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد وہاں پر کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 18ہو گئی۔ مائیکرو سافٹ نے دنیا بھر سے اپنے دفاتر بند کر دیئے ہیں۔ سعودی عرب میں کرنا کے مزید 15 کیسز سامنے آئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سپین سے آنے والی ایک خاتون کرونا وائرس کا شکار ہے۔ برطانیہ میں بھی 12 ہفتے کیلئے لاک ڈائون کردیا گیا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کرونا وائرس کے پھیلائو کے باعث سیاحوں اور شہریوں کیلئے بند کر دی گئی ہے۔گجرات سے نامہ نگارکے مطابق سپین پلٹ گجرات کے رہائشی 4سالہ بشارت علی وڑائچ میں کرونا وائرس کی تصدیق مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فوج کی خدمات لینے کی سفارش کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بڑے تین ہسپتالوں کا کنٹرول پاک فوج کو دینے کی تجویز زیر غور ہے دفعہ 144 پر عملدرآمد کیلئے پنجاب کے اہم مقامات پر پاک فوج کے جوانوں کو تعینات کیا جائے ۔ریلوے افسران نے وزارت ریلوے کو کرونا وائرس کے سدباب کے لیے ٹرین آپریشن محدود یا معطل کرنے کی سفارشات پیش کیں تاہم حتمی فیصلہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کریں گے۔ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کی صحافی ڈاکٹر افروز اسلامی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملک میں سخت اقدامات نہیں اٹھائے گئے اور عوام نے احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر نہ رکھا تو کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد35لاکھ تک ہو سکتی ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن سے منسلک صحافی ڈاکٹر افروز اسلامی ملک میں کرونا وائرس سے نبردآزما ہونے کے لئے حکومتی کاوشوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مہلک وائرس سے لاکھوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے اسلامی نظریہ کونسل کی نماز جمعہ کے اجتماعات کے بارے میں تجاویز منظور کرتے ہوئے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرونا وائرس کے خدشہ کے پیش نظر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے مشاورت کے بعد نماز جمعہ کا خطبہ اور باجماعت نمازوں کو مختصر رکھنے، مصافحے اور معانقے سے اجتناب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بذریعہ ویڈیو لنک منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے 21مارچ 2020ء سے ماسوائے تربت اور گوادر کے تمام بین الاقوامی ایئر پورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت بحال کرنے، چینی بحران کی تحقیقات میں آئی ایس آئی اور سٹیٹ بینک کا نمائندہ شامل کرنے اور آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ سٹریٹیجی پیپر کی منظوری دیدی ہے۔ بجٹ اخراجات کی ترجیحات میں ڈیفنس اور سکیورٹی کے علاوہ احساس اور سماجی تحفظ، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں، ہائوسنگ اور نیا پاکستان کے تحت مختلف اقدامات، فوڈ سکیورٹی، ہیلتھ، ہائر ایجوکیشن، ٹورزم وغیرہ شامل ہیں۔ منظور شدہ بجٹ سٹریٹیجی پیپر کے مطابق بجٹ کی ترجیحات میں معاشی استحکام، مہنگائی پر کنٹرول، آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ معاملات کے تحت اہداف کا حصول، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شرح نمو اور نوکریوں کے مواقعوں میں اضافہ لانا، بجٹ کے خسارے اور قرضوں میں کمی لانا، ریونیو میں اضافہ اور اخراجات پر کنٹرول کرنا، معاشرے کے کمزور طبقوں کا تحفظ، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کو یقینی بنانا، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل درآمد اور ادارہ جاتی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانا شامل ہے۔ مشیر خزانہ نے کابینہ کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے پانچ ہزار ارب روپے ملکی قرضے کی مد میں واپس کئے ہیں۔ پرائمری بیلنس (آمدنی اور اخراجات میں فرق) کو بہتر کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...