صدرعلوی کی چینی ہم منصب، پاکستانی طلباء کے ساتھ ملاقات، معاہدوں کی یادداشتوں پر دستخط

Mar 18, 2020

اسلام آباد‘بیجنگ (سٹاف رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بیجنگ میں چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ پاک چین تعلقات دو طرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک چین صدور کی موجودگی میں مختلف معاہدوں کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے ہمراہ بیجنگ میں پاکستانی طلباء کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی طلباء نے صدر پاکستان، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی کو بیجنگ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم چینی حکومت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بہترین انداز میں ہمارا خیال رکھا۔اب چین نے اس وبا پر قابو پا لیا ہے ہمیں اپنی پاکستانی قوم کو ان حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنا ہو گا تاکہ وہ احتیاطی تدابیر کو اپنا کر اس وبا کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔ اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، طلباء کو مبارکباد دی کہ وہ ماشائ￿ اللہ سب صحت مند ہیں - صدر پاکستان نے کہا کہ چینی حکومت بھی پاکستان کے فیصلے کو سراہتی ہے کیونکہ اس وبا کا علاج دریافت نہیں ہوا صرف احتیاط ہی اس سے بچنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کو بروئے کار لا کر پاکستانی عوام میں اس وبا سے بچنے کیلئے آگاہی مہم شروع کریں۔طلباء کی طرف سے تعلیمی نقصان کی شکایت پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ کرونا ایک عالمی وبا ہے جس سے دنیا بھر میں یونیورسٹیز بند ہیں اور شہر لاک ڈاؤن ہیں۔ انہوں نے پاکستانی طلباء سے کہا کہ اس وقت پاکستانی قوم اور پاکستان میں مقیم آپ کے خاندانوں کو آپ کی ضرورت ہے شاید پاکستان میں کچھ لوگوں کو قرنطینہ میں رہنا پڑے لہذا آپ سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے وڈیوز کے ذریعے اپنے تجربات شئر کریں تاکہ پاکستانی آپ کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے دو افسران جنید اور سلمان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے اس کڑے وقت میں پاکستانی طلباء کی مدد کی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے طلباء سے کہا کہ اس وقت آپ کے پیغام کی تاثیر کسی بھی وفاقی وزیر کے پیغام سے زیادہ ہے لہذا آپ لوگ پاکستانیوں کی رہنمائی کیلئے سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلائیں۔ چین میں مقیم پاکستانی طلبائ￿ نے پاکستانی کھانے کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر وزیر خارجہ نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت نے پاکستانی طلبائ￿ کیلئے کین فوڈز کا اہتمام کیا ہے جسے جلد سی ون تھرٹی کے ذریعے وہان پہنچایا جائے گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستانی طلباء کی چین میں رضاکارانہ سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں پاکستان کے سفیر ہیں آپ اس آگ میں سے گزرے ہیں اور اللہ نے آپ کو محفوظ رکھا ہے۔ دریں اثناء دورہ چین کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے سی پیک کے ساتھ ہماری معاشی ترقی جڑی ہوئی ہے۔ ہم پاک چین دوستی کو خطے میں خوشحالی کے پیغام کے طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا کوئی بھی آفت ہو، چین کی قیادت اور عوام ہر آڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے آج چین پر کرونا وائرس کی صورت میں کڑا وقت آیا ہے تو ہم پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے جس طرح کرونا جیسے چیلنج کا سامنا کیا ہے اور جس نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی۔صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ چین کی حکومت اور عوام نے جس طرح کرونا کی وبا کا مقابلہ کیا وہ قابل فخر ہے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین لی ژان شو سے منگل کو بیجنگ میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔اس دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہم اعتماد پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے پر امن بقائے باہمی کا عملی مظاہرہ کرکے دنیا کو دکھایا ہے۔چینی وزیراعظم نے مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیلنجز سے مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں