اسلام آباد، تتہ پانی (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) کنٹرول لائن کے شاہ کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلا اشتعال اور جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس سے اس کو شدید جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ دشمن کی ان چوکیوں کو تاک کر نشانہ بنایا گیا جہاں سے فائرنگ کی جا رہی تھی۔ فائرنگ سے ضلع دادو سے تعلق رکھنے والے 20سالہ سپاہی واجد علی شہید ہوگئے۔ تتہ پانی سے نامہ نگار کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کے روز بھارتی افواج نے تتہ پانی درہ شیر خان سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر محمد وقاص کی قیمتی بھینس ہلاک ہوگئی۔ پاک فوج کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی۔