لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرے سے آگاہ ہیں، نمٹنے کیلئے انتظامی تیاریاں مکمل ہیں۔ وفاقی حکومت کے ساتھ کرونا وائرس کے معاملے پر مکمل ہم آہنگی ہے۔ خوف و ہراس پیدا کرنے والے فیصلے نہیں کریں گے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لئے وزیرخزانہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو مقامی سطح پر اقدامات کرسکیں گی۔ عثمان بزدار نے اجلاس میں ماسک، حفاظتی کٹس اور سینی ٹائزرکی مقامی سطح پر تیاری کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ این ڈی ایم اے پنجاب کوایک ہفتے میں 10ہزار حفاظتی ملبوسات فراہم کرے گی۔ ایک ہزار حفاظتی کٹس پہنچ گئی، 5ہزار مزید کٹس جلد پہنچا دی جائیں گی۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لئے تمام تر اقدامات کریں گے۔ دستیاب وسائل کو منطقی انداز میں استعمال کیا جائے۔ فیس ماسک کی صحت مند آدمی کو ضرورت نہیں۔ ماسک وغیرہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوںسے سختی سے نمٹا جائے گا- راولپنڈی اور لاہور میں کارروائیوں کے دوران 90ہزار ماسک برآمد کئے گئے ہیں۔ ملتان کی لیبر کالونی میں 3ہزار سے زائد مریضوں کے لئے قرنطینہ قائم ہوگا- تعلیمی اداروں کے ہاسٹلز کے کمروں کو آئسولیشن کے لئے استعمال کیا جائے گا- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بس سٹینڈز پر دیگر صوبوں سے آنے والے مسافروں کی طبی چیکنگ کی جائے- مرکزی اور ضلعی سطح پرآگاہی کے لئے ہیلپ لائن قائم کی جائے۔ عثمان بزدار نے کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے- پاک فوج کے جوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا نوٹس لے۔ عثمان بزدار نے سرائیکی کے ممتاز ناول نگار ظفر لاشاری‘ مذہبی رہنما مفتی خان محمد قادری کے انتقال اور لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر عثمان ندیم کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے کوہاٹ میں گھر کی چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حافظ آباد کے قریب دو کمسن بھائیوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
کرونا کے خطرے سے آگاہ، خوف پیدا کرنیوالے فیصلے نہیں کرینگے: عثمان بزدار
Mar 18, 2020