پی ایس ایل سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں، آفیشلز، کرونا ٹیسٹ میچز معطّلی کا خیر مقدم

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں کوالیفائی کرنیوالی تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کی مکمل سکرینگ کا عمل شروع کر دیا۔ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ لیے گئے۔ پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے سکریننگ ٹیسٹ کو جلد سے جلد مکمل کرانے میں مدد کریں۔ کروناوائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ چھ سے آٹھ گھنٹے میں آتی ہے۔ جیسے ہی تمام رزلٹ موصول ہونگے رزلٹ کے بارے میں آگاہ کر دیا جائیگا۔ پی ایس ایل کے میچز کی معطلی کا موجودہ و سابق کرکٹرز خیر مقدم کر رہے ہیں۔ ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ بہت پہلے کرنا چاہیے تھا۔ سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ پی ایس ایل کے اختتام پر انہیں افسوس ہورہا ہے، لیکن یہ فیصلہ تمام متعلقہ افراد کی صحت کی حفاظت کیلئے ازحد ضروری تھا۔ ٹرافی ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہونے والی ٹیم کو ملنی چاہئے۔لاہور قلندرز کے محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ اچھا ہے،صحت اور جان سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ملتان سلطانز کے روی بوپارہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا سجا ہوا میلہ التوا کا شکار ہوگیا، میں شائقین سے سوال کرتا ہوں کہ کون سی ٹیم پی ایس ایل ٹرافی کی حقدار ہے۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان سپر لیگ کے ملتوی ہونے کا افسوس ہے لیکن احتیاط سب سے پہلے ہے۔ شائقین کرکٹ کا مشکور ہوں جو پورے ٹورنامنٹ کے دوران سپورٹ کرتے رہے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ سوچا نہیں تھا کہ ٹورنامنٹ ایسے ملتوی ہوگا، پی سی بی کے اقدام کو سراہنا چاہئے۔ پشاور زلمی کے کھلاڑی فاسٹ بائولر حسن علی کا کہنا ہے کہ ہم سب میچ کھیلنے کے لیے تیار تھے۔ اتھارٹیز نے پاکستان سپر لیگ ملتوی کرنے کا درست فیصلہ کیا ہے۔شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شائقین کا بہت شکریہ کہ انہوں نے پی ایس ایل کو اتنا سپورٹ کیا۔

ای پیپر دی نیشن