ہر سال پھیپھڑے کے کینسر کے 47 ہزار کیسز میں سے تین چوتھائی کی وجہ سگریٹ نوشی ہوتی ہے:برطانوی تحقیق

 انسان کے پھیپھڑے سگریٹ نوشی کے نقصان کی از خود مرمت کرنے کی حیران کن صلاحیت رکھتے ہیں تاہم پھیپھڑوں کے خلیوں میں ہونے والی تبدیلیاں کینسر کا سبب بن سکتی ہیں، سائنسی جریدے نیچر میں شائع والی ایک تازہ تحقیق کے مطابق انسان کے تندرست پھیپھڑوں کے خلیے نقصان زدہ پھیپھڑے کی مرمت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کیلئے سگریٹ نوشی ترک کرنا ضروری ہے، تمباکو میں متعدد ایسے عناصر موجود ہوتے ہیں جنھیں پھیپھڑے کے خلیوں میں تبدیلی کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے، آہستہ آہستہ یہ تبدیلیاں صحت مند خلیوں کو خراب کر دیتی ہیں جس سے کینسر پیدا ہو سکتا ہے۔ برطانیہ کے یونیورسٹی کالج لندن کی ریسرچر ڈاکٹر کیٹ گوورس نے کہا ہے کہ ان خلیوں کو کسی چھوٹے ٹائم بم کی طرح تصور کیا جانا چاہیے جو کینسر کی جانب اگلے قدم کے انتظار میں تیار بیٹھے ہوتے ہیں لیکن پھیپھڑوں میں چند ایسے خلیے بھی موجود ہوتے ہیں جو سگریٹ نوشی سے متاثر نہیں ہوتے۔ انھوں نے کہا ہے کہ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ سگریٹ نوشی کے دوران وہ خود کو کیسے محفوظ رکھ پاتے ہیں اور جب کوئی شخص سگریٹ پینا چھوڑ دیتا ہے تو یہی صحت مند خلیے تعداد میں بڑھنے لگتے ہیں اور پھیپھڑے میں موجود متاثرہ خلیوں کی جگہ لینے لگتے ہیں جس سے پھیپھڑے صحت مند ہو جاتے ہیں۔ انسان کے پھیپھڑے میں ایسے صحت مند خلیے موجود ہوتے ہیں جو پھیپھڑے کی مرمت کر سکتے ہیں۔ برطانیہ میں ہر سال پھیپھڑے کے کینسر کے 47 ہزار کیسز سامنے آتے ہیں اور ان میں سے تین چوتھائی کی وجہ سگریٹ نوشی ہوتی ہے۔ محققین نے کہا ہے کہ یہ بات حوصلہ افزاءہے کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے والے افراد دو طرح سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں جن میں پہلا تمباکو سے ہونے والے مزید نقصانات سے پھیپھڑوں کو بچانا اور اپنے پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت ہے۔

ای پیپر دی نیشن