اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے اپوزیشن کورونا کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی کاوشوں کو تقویت دے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے پیغام میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کے لئے اٹھائے گئے عمران خان کے بروقت اقدامات کی گواہی دنیا دے رہی ہے،عالمی ادارہ صحت کا بیان اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کی اہم سیاسی جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ کورونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دوکان لگانے سے باز نہ آئی، لیگی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ احسن اقبال صاحب کاش آپ ان کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے،اگر آپ کو عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں آپ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی۔
نون لیگ پر تنقید وار کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کی بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی باہر بیٹھی قیادت کو پاکستان آنے کی اپیل کریں کیونکہ (ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پر وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں مگر اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔
اپنے ٹوئٹس میں معاون خصوصی نے مشورہ دیا کہ اتحاد اور یکجہتی وقت کا اہم تقاضہ ہے،سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے اپوزیشن کورونا کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی کاوشوں کو تقویت دے،یہ قومی مسئلہ ہے،ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے۔