لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیرہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک بھولی بسری داستان بن چکا ہے۔ چوں چوں کا یہ بدبودار مربہ اب خود اس میں شامل جماعتوں کے لئے بھی ناقابل برداشت ہے۔ پی ڈی ایم لٹیروں کا ایک گروہ ہے لیکن آصف زرداری کی طرف سے لال جھنڈی دکھائے جانے کے بعد باقی لٹیروں کی مایوسی اور جھنجھلاہٹ قابل دید ہے اور انہیں منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں اپنے مخصوص ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور مفادات کے حصول کے لئے ایک دوسرے کو دھوکہ دینے کا عمل پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا نتیجہ سامنے آ گیا ہے۔ پی ڈی ایم اتحاد کی مثال’’کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا، بھان متی نے کنبہ جوڑا‘‘ کی سی ہے۔حکومت کو آرپار کرنے کی دھمکیاں دینے والا بھان متی کا یہ کنبہ اب اپنی فطری موت مر چکا ہے۔ پی ڈی ایم کے بے بنیاد دعوئوں کا حکومت کی صحت پر تو کوئی اثر نہیں پڑا۔ لیکن آصف زرداری کی ’’نولفٹ‘‘ کے بعد اس غیر فطری سیاسی اتحاد کی حالت قابل رحم ہو گئی ہے۔ ایک دوسرے کی شکل نہ دیکھنے کے روادار یہ سیاسی مخالفین صرف احتساب سے بچنے کے لئے اکٹھا ہونے پر مجبور ہوئے تھے لیکن انہیں اپنی لوٹ مار کا حساب ہر صورت دینا ہو گا۔