اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) چینی حکومت کی جانب سے تیزی کیساتھ پاکستان کو ویکسین کی فراہمی کی بدولت پاکستان نے لاکھوں آبادی کو ویکسینیشن کے لئے وسیع پیمانے پر اقدامات اٹھائے ہیں۔ جس کا سہرا چینی حکومت کو جاتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستانی عہدیداروں نے تصدیق کی کہ سا ئنو فارم ویکسین کی 5 لاکھ خوراکوں کی آمد سے قبل ہی اسلام آباد، ملتان، لاہور، کراچی اور پشاور میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مراکز قائم کر رکھے ہیں۔ دیگر شہروں میں مزید قائم کیے جائیں گے ۔ پاکستان نے بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کے ساتھ سائینو فارم ویکسین کی فراہمی کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد کرونا پر قا بو پانا ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی کمپنی سائنوفارم سے کورونا وائرس کی 12 لاکھ خوراکیں خریدے گا۔ جو 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن کارکنوں کو مفت فراہم کی جائے گی۔ وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ان لوگوں کو ویکسین فراہم کی جارہی ہے جنھوں نے آن لائن اندراج کرانے کیلئے ویکسین کی مفت خوراک حاصل کی ہے۔ یہ ویکسینیشن تب تک جاری رہے گی جب تک کہ پوری آبادی کو ویکسین نہیں لگے گی۔ وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہم نے 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو گھر بیٹھنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ ہم نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق ان کے گھر کے دروازے پر انہیں ویکسین لگانے کے اقدامات اٹھائے ہیں۔ پاکستانی حکام نے بتایا کہ ویکسین کے اب تک زبردست نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ دریں اثنا پاکستانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے کرونا پر قابو پانے کیلئے سنگل ڈوز چینی ویکسین (کین سینو با ئیو) خریدنے کا آرڈر دے دیا ہے۔