شہری یوٹیلیٹی بلوں کی یکمشت ادائیگی پر رعایتی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں، ایڈمنسٹریٹر

Mar 18, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز کے صارفین اپنے بلوں کی یکمشت ادائیگی پر 25 فیصد رعایت حاصل کرنے کی مدت میں توسیع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، MUCT کے ذریعے جو پیسہ حاصل ہوگا اسے شہر کی بہتری اور ترقی کے کاموں پر خرچ کیا جائے گا، بلز کی ادائیگی کی تاریخ میں توسیع کے ایم سی کونسل کی قرارداد نمبر148 مورخہ29مارچ 2018  کے تحت دی جا رہی ہے جس کا مقصد صارفین کو سہولت دینا اور بلدیہ عظمی کراچی میں ریکوری کی صورتحال کو بہتر بنا کر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بلدیاتی سہولیات مہیا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی کی بنیادی ذمہ داریوں میں میونسپل سروسز، فائر بریگیڈ، سڑکوں اور شاہراہوں کو بہتر بنانا اور اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی، پارکس کی تعمیر و توسیع اور تزئین،کے ایم سی کے اسپتالوں میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی شامل ہے، بلدیہ عظمی کراچی اپنے وسائل اور مختلف اداروں کے تعاون سے شہر میں بہتری کے کاموں کو جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کے لئے ہرممکن بہتر حکمت عملی اختیار کی جاتی ہے،انہوں نے کہا کہ کے ایم سی مرکزی شہری ادارہ ہے اور اسی لئے شہر کی بہتری اور ترقی کے کاموں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

مزیدخبریں