لاہور (خصوصی نامہ نگار) بھارتی شہری کی جانب سے قرآن پاک میں تحریف کی ناپاک جسارت کی مذمت کرتے ہیں۔ ملعون کا امت مسلمہ سے کوئی تعلق نہیں۔ اس نے ذاتی شہرت کیلئے ناکام کوشش کی۔ ایسے نام نہاد مسلمان عالمی استعماری قوتوں کے آلہ کار بن کر سستی شہرت چاہتے ہیں۔ مگر وہ یاد رکھیں کہ انہیں اس دنیا میں بھی ناکامی ہو گی اور آخرت میں بھی ذلت و رسوائی ان کے مقدر میں لکھی جا چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مردود بھارتی شہری کی جانب سے قرآن پاک سے آیتیں نکالنے کی اپیل کرنے کی جسارت دین اسلام کیخلاف ہونیوالی عالمی سازشوں کا ایک حصہ ہے، جسے ہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ضرور ناکام بنائیں گے۔ ایسے دین فروش اسلام دشمن طاقتوں کے آلہ کار ہوتے ہیں جن کا مقصد مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا ہے۔ اس مردود سے پہلے سلمان رشدی اور تسلیمہ نسرین جیسے مرتد پہلے بھی اپنی خباثتوں کا اظہار کرتے رہے ہیں جنہیں امت مسلمہ نے متفقہ طور پر مسترد کر دیا۔ عالمی کفریہ طاقتیں عالم اسلام کیخلاف مختلف محاذوں پر سرگرم ہیں۔ وہ مسلمانوں میں بے چینی پیدا کرنے کے لیے مسلمان کو ہی استعمال کر رہے ہیں۔ وسیم رضوی جیسے لوگوں کا مذہب ڈالر و دینار ہیں جو محض کٹھ پتلی ہیں۔
قرآن پاک میں تحریف کی ناپاک جسارت ناکام بنائیں گے: منو ر حسین جماعتی
Mar 18, 2021