پی ڈی ایم کی ہانڈی بیچ چوراہے پھوٹ گئی:ابوالخیرمحمد زبیر

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیرنے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی ہانڈی بیچ چوراہے میں پھوٹ گئی ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ زرداری سب پر بھاری رہیں گے، انہوں نے پی ڈی ایم کے ذریعہ اپنے تمام مفادات حاصل کر کے اس پر ڈرون حملہ کردیااور نواز شریف مولانا فضل الرحمن کے پنڈی کی طرف مارچ کے تمام منصوبے خاک میں ملادئیے یہ کوئی نئی بات نہیںاس اتحاد کے آغاز سے ہی یہ سب کچھ نظر آرہا تھالیکن تعجب ہے کہ مولانا فضل الرحمن جیسے جہاندیدہ سیاست داں کو اس کا احساس نہیں ہوا۔یقینایہ مکافات عمل ہے مولانا نے متحدہ مجلس عمل اور مذہبی اتحادوں کے ساتھ جو سلوک کیا آج ان کے ساتھ بھی وہی کچھ ہورہا ہے اگر آج پیپلز پارٹی اپنے مفادات کو ترجیح دے رہی ہیںتو مولانا کو اس قدر غصہ کیوں آرہا ہے کہ وہ پریس کانفرنس آدھی چھوڑ کر جارہے ہیں۔کیا ماضی میںانہوں نے ایسا نہیں کیا ؟اس کے علاوہ انہوں نے 2018ء کے الیکشن میںایم ایم اے کی پرانی بانی پارٹیوں سے بے وفائی کر کے اور اپنی ہی پارٹی کے مخلص وفادار ساتھیوں کے مفید مشوروں پرغصہ ہو کر اپنی پارٹی اور ایم ایم اے کو سخت نقصان پہنچایا اور اپنی پوری سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ پے درپے شکستوں سے خود کو دوچار کیاجس کا بدلہ بے وفائی کی صورت میں ان کومل گیا اب بھی وقت ہے کہ مولانا مزید رسوائی سے بچنے کیلئے اپنے پرانے مخلص ساتھیوں کے مشوروں پر ناراض ہونے کی بجائے ان کی باتوں پر ٹھنڈے دل سے غور کریں ۔

ای پیپر دی نیشن