منحر ف ارکان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ ، کسی کو نہیں چھوڑوں گا : عمران

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے ناراض رکن نور عالم سمیت 25 ایم این ایز سندھ ہائوس اسلام آباد میں موجود ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ عوام میرے ساتھ کھڑی ہے اور اس سازش کا مقابلہ کروں گا۔ سیاسی منظر نامے پر تازہ ترین پیش رفت کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف کے نور عالم سمیت 25 ایم این ایز سندھ ہاؤس اسلام آباد میں کھل کر عوام کے سامنے آ گئے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کچھ ارکان پارلیمنٹ کے مسنگ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مانیٹرنگ کا بڑا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سویلین حساس اداروں کو ارکان پارلیمنٹ کی مانیٹرنگ کا حکم دے دیا گیا ہے۔  اداروں کو ارکان پارلیمنٹ کی لوکیشن، کال ڈیٹا اور نقل و حرکت کی مانیٹرنگ کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سویلین حساس اداروں کو سندھ ہائوس کی بھی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو اہم تفصیلات پیش کی گئیں۔  رپورٹ میں قومی اسمبلی کے تمام ارکان خصوصاً پی ٹی آئی ممبران کے حوالے سے مفصل تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔  اپوزیشن سے پینگیں بڑھانے والوں میں  مردوں کے ساتھ خواتین ایم این ایز بھی شامل ہیں۔ کچھ پہلی بار ایوان میں آئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے ہاؤس ان آرڈر کرنے کے مشورے پر بھی سنجیدہ غور شروع کردیا گیا ہے، جبکہ ناراض ارکان سے حکومتی اعلی سطح پر بھی رابطے کئے جارہے ہیں۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کے دباؤ کو  کسی صورت خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران شرکاء نے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پراتفاق کیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس  بلانے کی تیاریاں مکمل، وزیر اعظم نے سپیکر کو اجلاس بلانے کی ہدایت کر دی۔  شرکاء نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹی کا اجلا بلانے کی تجویز دے دی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا کر ارکان کی حاضری کا پتا چل جائے گا۔ وزیراعظم نے منحرف  ارکان سے رابطوں کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کو تفصیلات پیش کرنے پر کئی سینئر رہنما ہکا بکا رہ گئے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام ساتھ ہیں‘ عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے وفاقی ایجنسیوں کو سندھ  ہاؤس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔ مسلم لیگ (ق)‘ ایم کیو ایم‘ جی ڈی اے ارکان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پارلیمنٹ لاجز اور چودھری برادران کے گھر بھی اہلکاروں کی ڈیوٹیوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کے لئے مشاورت مکمل کر لی، سپیکر قومی اسمبلی کو 21 مارچ کو اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم ہائوس میں حکومتی ترجمانوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اور قانونی ٹیم کو منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے ہدایات جاری کیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئین میں واضح لکھا ہے پارٹی  پالیسی کے خلاف جانے پر قانونی کارروائی کے تحت ڈی نوٹیفائی کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ آخری گیند تک لڑوں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اراکین کیلئے نوٹوں کی بوریاں کھول دی گئی ہیں۔ سندھ کا پیسہ اس کام پر لگایا جا رہا ہے۔ تین خواتین ارکان مخصوص نشست پر آئیں، وہ ایسا کیسے کر سکتی ہیں۔ میں بلیک میل نہیں ہوں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ آپ تمام لوگ ریلیکس رہیں، ان کے ساتھ جو کرنا ہوگا میں خودکروں گا۔ 28 تاریخ کو سب معلوم ہوجائے گا، عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن