مطالبات کیلئے گوادر میں شٹر ڈائون ہڑ تال ، بند ر گاہ کے گیٹ پر دھرنا ، کفن پوش ریلی

Mar 18, 2022

گوادر (بیورو رپورٹ)حق دو تحریک کی کال پر گوادر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی  کاروباری و تجارتی مراکزبینک، دکانیں ، مارکیٹیں بند رہیں ، ہزاروں کارکنان نے ریلی نکال کر گوادر پورٹ کے مین گیٹ پر دھرنا دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کی روک تھام ، بارڈرٹریڈ ، عوامی مسائل اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حق دو تحریک کے ساتھ  معاہدوں میں اب تک پیش رفت نہ ہونے کے خلاف حق دو بلوچستان تحریک نے گوادر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کردی،جس کی وجہ سے تمام کاروباری مراکز بینک،دکانیں وغیرہ بند رہے، حق دو تحریک کے ہزاروں کارکنان ، جن میں کفن پوش کارکنان بھی شامل تھے نے ریلی نکال کر اور احتجاج کرتے ہوئے گوادر پورٹ کے مین گیٹ پر پہنچ کر دھرنا دیا جس کی وجہ سے گوادر پورٹ میں آمدورفت کے تمام  رستے بند ہوگئے، بعد ازاں حق دو تحریک سے وابستہ باپردہ خواتین نے ایکسپریس وے روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے اسے بھی بند کر دیا۔ حق دو تحریک کے کارکنان نے شدید نعرہ بازی کی۔اس دوران پولیس کی بھاری نفری کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے چوکس تھی۔ واضح  رہے گزشتہ روز حق دو تحریک کی جانب سے بلوچستان کی تاریخ کی سب سے بڑی موٹر سائیکل ریلی نکالی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک رہے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور دیگر نے دھرنے سے خطاب  کرتے ہوئے  کہا کہ حق دوتحریک ظلم، جبر، استبداد اور زیادتیوں کے خلاف جدوجہد کا استعارہ بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے حق دوتحریک کے ساتھ غیر قانونی ٹرالرنگ کے خاتمہ اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لئے جو معاہدہ کیا تھا وہ پورا نہیں کیا ہے بالخصوص غیرقانونی ٹرالرنگ جو ماہی گیروں کے روزگار پر لٹکتی تلوار ہے وہ دور نہیں ہوا ہے۔   دھرنے سے حق دوتحریک کے سنیئر رہنما حسین واڈیلہ، شریف میانداد، ملا نصیر زعمرانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

مزیدخبریں