انٹر نیشنل سازش ہورہی ہے:  عمران اسماعیل ، گورنرراج کی باتیں پاگل پن: 

Mar 18, 2022


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف انٹرنیشنل سازش ہو رہی ہے۔ عامر لیاقت کے گھر چائے پینے آیا تھا کسی روٹھے کو منانے نہیں۔ عدم اعتماد‘ سیاست کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے اراکین کو خریدنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ شہباز شریف نے تو زرداری کا پیٹ پھاڑنا تھا لیکن آج گلے مل رہے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ کرپشن کے کیسز کو بند کر دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں نیوٹرل کچھ نہیں، ایک طرف سچ اور دوسری طرف جھوٹ ہے۔ ہم نے دیکھنا ہے کون کدھر کھڑا ہوتا ہے۔ ساڑھے تین سال میں عمران خان نے دنیا میں پاکستان کی عزت کو بڑھایا۔ اپوزیشن کو سارے پیسے ان کے آقا ان کو دے رہے ہیں۔ بڑے بڑے جادوگر سندھ ہاؤس میں سودے کر رہے ہیں۔ گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں خرید وفروخت کا اعتراف، الیکشن کمشن آنکھیں بند کرکے بیٹھا ہے۔ بندے بک رہے ہیں الیکشن کمشن صرف وزیراعظم کو نوٹس بھیج رہا ہے۔ پیپلز پارٹی والے بندے خریدنے کا اعتراف کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کی ساری جدوجہد پیپلز پارٹی کے خلاف رہی۔ ایم کیو ایم کے ساتھ زبردستی نہیں کر سکتے۔ عامر لیاقت بکنے والا نہیں۔ ہم نے ایک قوم بننا ہے جو بھی قیمت چکانا پڑی چکائیں گے۔ عمران خان کے پاس 172 ارکان کا نمبر پورا ہے۔ امید ہے اتحادی حق اور سچ کا ساتھ دیں گے۔ ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے شیخ رشید کے سندھ میں گورنر راج لگانے کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ان کے ارکان اپنی مرضی سے سندھ ہاؤس میں ٹھہر گئے ہیں تو یہ کہتے ہیں سندھ حکومت کو ختم کر دیں۔ ناراض ایم این ایز سندھ ہاؤس میں آگئے تو گورنر راج لگا دیں۔ اس سے بڑا پاگل پن کیا ہو سکتا ہے۔ عمران  خان کو شیخ رشید اور ان جیسے چول وزیروں نے الٹے سیدھے مشورے دیئے۔ ارکان زبردستی روکنے کی کوشش کی گئی تو ہم زبردستی بھیجیں گے۔  پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی تعداد 24 سے زائد ہے۔ اتحادی نہ بھی آئیں تو ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں۔ پی ٹی آئی کے کیمپ میں موجود لوگ بھی عمران خان کے ساتھ  نہیں۔ سندھ ہاؤس میں ڈاکو ٹھہرے ہوئے ہیں جو چھاپہ مارا جائے گا؟۔  عمران خان اب تم بار بار کہو گے مجھے کیوں نکالا‘ مجھے کیوں نکالا۔ ایم این ایز نے پیغام دیا کہ وہ خود کو پارلیمنٹ لاجز میں غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔ ایک وزیر نے کہا کہ  خودکش بمبار بن کر حملہ آور ہو جاتا۔ ہمیں چھپنا ہوتا تو لان میں کیوں بیٹھے۔ اراکین کیا بچے ہیں جو نہ سمجھیں کہ ڈرون کیمرا ہے۔ بہت سارے ایم این ایز ڈر کی وجہ سے بات نہیں کر رہے۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دن بہت سارے ارکان عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالیں گے۔ شیخ رشید اور فواد چودھری بھی عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالیں گے۔

مزیدخبریں