لاہور (آئی این پی ) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقتدار کے مزے لوٹتے نااہل حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی پرواہ نہیں ہے۔ لاہور میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قاتل ڈور پھرنے سے 22 سالہ نوجوان اور والدین کے اکلوتے سہارے کی ہلاکت نہایت افسوسناک ہے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس قیمتی انسانی جان کا لہو کس کے ہاتھ پر تلاش کیا جائے؟ گورننس نام کی چیز اس صوبے سے مدت ہوئی رخصت ہو چکی ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں پتنگ بازی اور قاتل ڈور کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی تھی جبکہ پتنگ ڈور بنانے والے درجنوں کارخانے اب کھلے عام کام کر رہے ہیں۔