لاہور(نیوز رپورٹر)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہور کے کلینکل اور ریڈی ایشن اونکالوجی ڈپارٹمنٹ میں سٹیریو ٹیکٹک ریڈیو سرجری کی صلاحیت کی حامل ایک اور لینئیر ایکسیلیریٹر کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ہسپتال کی روایت کے مطابق اس سسٹم کا افتتاح ایک کینسر کے مریض بچے نثار احمد نے ہسپتال کے قائم مقام سی ای او ، ڈاکٹر محمد عاصم یوسف کے ساتھ ربن کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عاصم نے کینسر کے خلاف اس جنگ میں ہسپتال کا ساتھ دینے پر تمام سپورٹرز اور خاص طور پر کینیڈا میں موجود ڈونرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ نئی اور جدید ترین لینئیر ایکسیلیریٹر عطیہ کی ہے۔ رمضان کا مہینہ آنے والا ہے میںلوگوں سے د رخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ تمام مریضوں کو کینسر کے علاج کی اعلیٰ ترین سہولیات کی یکساں فراہمی کے مشن میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کا ساتھ دیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے سپورٹرز پہلے کی طرح بھر پور اعتماد کے ساتھ ہمیں عطیات دیتے رہیں گے ۔ انہی عطیات کی بدولت ہم اپنے لاہور اور پشاورکے ہسپتالوں میںآنے والے مریضو ں میں سے 75فیصد سے زائد کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کرتے ہیں۔ نیزآپ کی معاونت سے ہم کراچی میں زیرِ تعمیر اپنے تیسرے اور پاکستان کے سب سے بڑے کینسر ہسپتال میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ۔