سانگلہ ہل (نمائندہ خصوصی ) ایگزیکٹو ممبر فیڈریشن آف پاکستان، چیمبر آف کامرس اقبال اسدنے حکومت پر زور دیا ہے کہ موسم گرما کے پیش نظر بجلی کا ترسیلی نظام فوری طور پر اپ گریڈ کیا جائے تاکہ شدید گرمی کے موسم میں تکنیکی خرابیوں اور بجلی کی طویل بندش سے محفوظ رہا جاسکے۔ موسم گرما اور تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے ماضی میں بجلی کی طویل بندش کے واقعات پیش آچکے ہیں جن سے محفوظ رہنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔ انہوں نے توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبہ میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت شمسی توانائی کے آلات پر ڈیوٹی اور ٹیکسز کا خاتمہ کرے۔