سیکرٹری سروسز کی زیرصدارت اجلاس‘ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منصوبہ پر پیشرفت کا جائزہ

Mar 18, 2022

ملتان (نمائندہ نوائے وقت)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے زیر تعمیر منصوبے پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب نوشین ملک کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اے آئی جی پولیس جنوبی پنجاب عمران شوکت،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان، ڈپٹی سیکرٹری کو آرڈینیشن ڈاکٹر محمد ابوبکر،انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور سیکرٹریٹ میں آئی جی کمپلیکس کی تعمیر کے لئے مختص جگہ بھی زیر بحث لائی گئی۔سیکرٹری سروسز نوشین ملک نے کہا کہ آئی جی کمپلیکس کے انٹری گیٹس اور سکیورٹی کا الگ نظام ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹریٹ میں آئی جی کمپلیکس کی تعمیر کے لئے دو پلان تجویز کئے گئے ہیں،اس حوالے سے جگہ کا حتمی انتخاب جنوبی پنجاب  پولیس حکام کی مشاورت سے کیا جائے گا۔اے آئی جی پولیس جنوبی پنجاب عمران شوکت نے اس موقع پر کہا کہ پولیس حکام جگہ کے حتمی انتخاب کے لئے  آئندہ ہفتے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا وزٹ کریں گے۔

مزیدخبریں