لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، قاری محمد یوسف احرار(لاہور)، مرکزی مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ، قاری عبدالرزاق ، محمود برادران، محمد معاویہ اور سعداللہ نے مسجد ختم نبوت ظاہر پیر میں احرار رہنماء مولانا کریم اللہ کی میزبانی میں سالانہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نبی کریمؐ کے منصب رسالت اور منصب ختم نبوت کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرکے بھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کانفرنس سے کہا کہ 1953ء کے شہدائے ختم نبوت نے کفر و ارتداد کا راستہ روکنے کیلئے اپنی جانیں قربان کی تاآنکہ انہیں شہداء ختم نبوت کا خون بے گناہی رنگ لایا اور بھٹو مرحوم کے دور اقتدار میں اسمبلی کے فلور پر لاہوری و قادیانی مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا۔ آج پھر قادیانی ریشہ دوانیاں بڑھ گئی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ کانفرنس کی قرار دادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ مال روڈ لاہور پر شہدائے ختم نبوت 53کی یاد گار تعمیر کی جائے اور توہین رسالت کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے کانفرنس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ امتناع قادیانیت ایکٹ پر مؤثر عمل در آمد کروایا جائے اور سودی معیشت ختم کر کے اسلامی معیشت نافذ کی جائے۔