لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہنے والے سیاست دان مفادات کیلئے شیروشکر ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اقتدار کیلئے سب کو گلے لگانے کیلئے تیار ہے۔ مدینہ کی ریاست کا نام لے کر قوم کو دھوکا دیا گیا۔ حکومت اور اپوزیشن اپنے بارے میں سچ بتانے کی بجائے ایک دوسرے کے بارے میں سچ بولنے کے ہیضے میں مبتلا ہو گئی ہے۔ وزیراعظم جان لیں کہ جب نظریاتی جدوجہد کی بجائے بیساکھیوں کا سہارا لیا جائے گا تو کشتی اسی طرح بیچ منجدھار ڈوب جاتی ہے۔ قوم سٹیٹس کو اور استعمار کے وفاداروں کا ساتھ مت دے۔ عوام نے 74برس سے ان پر اندھا اعتمادکیا۔ نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی مفادات کی سیاست میں الجھنے کی بجائے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ قوم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروںکا ساتھ دینے کی بجائے جماعت اسلامی کی ہمقدم بنے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ’’اسلامی ریاست کے خدوخال‘‘ کے موضوع پر تحقیقی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔