لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان میں خواتین کاروباری اداروں کی نمائش گزشتہ روز ایکسپو سنٹر میں شروع ہو گئی ۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اہلیہ پروین سرور نے نمائش کا افتتاح کیا۔مہمان خصوصی محترمہ پروین سرور نے نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کی مصنوعات اور ان کے کاروباری آئیڈیاز کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی شمولیت کے مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں خواتین انٹرپرنیوررز انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سلوشنز کے ذریعے اپنے بزنس آئیڈیاز کو کامیاب بناکر ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔دو روزہ نمائش میں ملک کی ممتاز آرٹسٹ، ڈیزائنرز اور خواتین انٹرپرنیوررز اپنی 300 منفرد برانڈز کیساتھ حصہ لے رہی ہیں۔ ویکس نیٹ کے 10ویں ایڈیشن کی تھیم ’’ڈبلیو ای ایکسپیئرنس آئی ٹی‘‘ رکھی گئی ہے جس کا مقصد گزشتہ دو سال کے دوران کرونا کی وباء میں کاروبار کے تسلسل اور فروغ کے لیے آئی ٹی کے بڑھتے ہوئے کردار اور اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ ویکس نیٹ نمائش خواتین انٹرپرنیوررز کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے آئی ٹی سے متعلق مختلف موضوعات کا احاطہ کرے گی جو انہیں کاوربار کو ترقی دینے کے لیے اس نئے معمول کو اختیار کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔ ویکس نیٹ میںسمال اینڈ میڈیم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’ سمیڈا‘‘ نے بھی سٹال لگایا ۔ اس ضمن میں سمیڈا کے ویمن انٹرپریونیورشپ ڈویلپمنٹ سیل کی انچارج تانیہ بٹر کے مطابق لاہور شہر کی خواتین کو سمیڈا کے پویلین پر پاکستان کے 11 علاقوں کے 17 شہروںکی روائتی مصنوعات ایک ہی جگہ پر میسر تھیں۔جبکہ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشم رضا نے کہا کہ خواتین تاجروں کیلئے قومی منڈیوں میں مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کرنا نہ صرف سمیڈا کے بنیادی مینڈیٹ کا حصہ ہے بلکہ یہ ایس ایم ای پالیسی میں دیئے گئے حکومتی وژن کا بھی حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمیڈا کے پویلین میں پاکستان کے 17 شہروں کی 52 کے لگ بھگ ایسی خواتین کو اپنی مصنوعات قومی سطح پر مارکیٹ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے جو ازخود بڑی نمائشوں میں شرکت کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سمیڈا کے پویلین میں پاکستا ن کے 17 شہروں کی خواتین تاجر وں نیاپنی مصنوعات کی نمائش کی۔
کاروباری خواتین ٹیکنالوجی ڈیجیٹل سلوشنز سے بزنس آئیڈیاز میں کامیاب ہوسکتی ہیں
Mar 18, 2022