آسٹریا کے فیڈرل اکنامک چیمبر کے وفد کا اسلام آباد چیمبرآف کامرس کا دورہ 

Mar 18, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) آسٹریا کے فیڈرل اکنامک چیمبر کی نائب صدر محترمہ کارمین گوبی کی قیادت میں آسٹریا کی کمپنیوں کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں ہائیڈرو پاور، قابل تجدید توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹربائن کی پیداوار سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کیساتھ طویل المدتی کاروباری تعلقات قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وفد میں اینڈرٹز ہائیڈرو، گیپرٹ ہائیڈرو پاور، گلوبل ہائیڈرو، گگلر واٹر ٹربائنز، آئی ایل ایف کنسلٹنگ انجینئرز اور لونسنگر ماشیننباؤ کے نمائندے شامل تھے۔آسٹریا کے فیڈرل اکنامک چیمبر کی نائب صدر کارمین گوبی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریا کا وفد پاکستان میں ہائیڈرو پاور سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے آیا ہے تا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفد کا دورہ آسٹریا کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا ایک حصہ ہے تا کہ پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کیا جائے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے آسٹریا کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان اعلیٰ تعلیم، پن بجلی، قابل تجدید توانائی، تیل و گیس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے بہتر مواقع موجود ہیں ۔ آسٹریا کے وفد نے چیمبر کے ممبران کے ساتھ بی ٹو بی ملاقاتیں کیں تاکہ ان کے ساتھ کاروباری تعاون کے شعبوں کو تلاش کیا جا سکے۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ہمایوں کبیر، چوہدری محمد علی، فصیح اللہ خان، اختر عباسی، محمد شبیر، محمد نوید ملک اور خالد چوہدری سابق سینئر نائب صدور اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 آسٹریا  وفد

مزیدخبریں