وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری نے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ خوشیوں کے تہوار مل کر منانے سے محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ ملتا ہے.
اگر ہم ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونگے تو بھائی چارے، محبت اور امن کا پیغام عام ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوبرادری سمیت تمام اقلیتیں پاکستان کے برابر کے شہری ہیں، پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری نے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری ہمارے لئے قابل احترام ہے، اقلیتوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرکے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن محبت، تحمل، برداشت اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کا عہد کرنا ہے۔