عمران خان وزیراعظم رہنے کا اخلاقی جواز کھوچکے منور رضا

کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما لیبر ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید منور رضا نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم رہنے کا جواز کھوچکے ہیں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی دنوں کی بات ہے خود پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی اپوزیشن کیمپ میں آچکے ہیں جنہوں نے حکومتی ڈر کے خوف سے سندھ ہائوس اسلام آباد میں پناہ لے رکھی ہے منحرف ایم این ایز کے الیکٹرونک میڈیا پر انٹرویو نے حکمرانوں کی نیند اڑاکر رکھ دی ہے سید منور رضا نے کہا کہ حکومت کے اتحادی بھی عمران خان سے ناخوش ہیں وہ بھی جلد اپوزیشن کی صفوں میں شامل ہونگے۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے مطلوبہ اراکین سے کہیں زیادہ اراکین اسمبلی کی اپوزیشن کو حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنا سب کچھ ہوجانے کے باوجود عمران خان کا وزیراعظم رہنا غیر اخلاقی ہے عملاً وہ ہار چکے ہیں اب قومی اسمبلی کا اجلاس ہونا باقی ہے اجلاس کا نتیجہ اپوزیشن کے حق میںآنے کے بعد عمران خان سابق وزیراعظم بن کر گھر جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن