’’سافٹ ڈرنکس، سگریٹ امراض قلب، شوگر اور موٹاپے کی اہم وجوہات ‘‘

Mar 18, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر)ماہرین امراض قلب نے کہا ہے کہ چینی کی بڑی مقدار سے بنے ہوئے سافٹ ڈرنکس، سگریٹ امراض قلب، شوگر اور موٹاپے کی اہم وجوہات ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں اس کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرکے کافی حد تک ان امراض پر قابو پایا گیا ہے ہمارے یہاں کراچی میں رفاہی پلاٹ پر رہائشی اور تجارتی تعمیرات ہونے سے کھیلنے کودنے اور جسمانی مشقیں کرنے کے مواقع تقریبا ختم ہوگئے ہیں اس لئے بہتر ہو گا کہ فلائی اوور اور پلوں کے نیچے فاضل جگہوں کو ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن سمیت دیگر کھیلوں کے لیے مخصوص کر دیے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول اسپتال کرا چی کے کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ میں امراض قلب سے بحالی اور تحفظکے نئے وارڈ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان ماہرین میں پروفیسر اعجاز وہرہ، پروفیسر محمد اسحاق، پروفیسر خالدہ سومرو، پروفیسر منصور، پروفیسر نواز لاشاری شامل تھے۔ تقریب سے سول اسپتال کراچی کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر روبینہ بشیر، پروفیسر زرناز واحد، پروفیسر صبا سہیل، ڈاکٹر نور محمد سومرو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔  پروفیسر اعجاز وہرہ نے کہا کہ امراض کے علاج میں جب سے انٹروینشن (اسٹنٹ وغیرہ ڈالنے کی تکنیک)آئی ہے دیگر شعبے پیچھے چلے گئے ہیں اور دل کے امراض سے اموات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے شرکا سے کہا کہ سول اسپتال کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں غریب آدمی کا علاج ہوتا ہے۔ علاج کے ساتھ غریب آدمی کی عزت بھی ہو تو اس سے ہم سب کا اور سوسائٹی کا فائدہ ہے پروفیسر محمد اسحاق نے کہا کہ نئے وارڈ کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے سول اسپتال میں امراض قلب کے وارڈ کے لیے 1960 کی دہائی سے کام کرنے والے پروفیسر شریف چوہدری ایس ایم رضا اور دیگر کی تصاویر ان وارڈز میں لگائی جائیں۔  پروفیسر منصور نے کہا کہ انٹروینشن، بائی پاس اور دواں کے نتیجے میں دل کے امراض سے اموات میں کمی آئی ہے لیکن سب سے زیادہ اموات پر قابو جسمانی طور پر متحرک رہنے سے پایا جا سکتا ہے۔ پروفیسر نواز لاشاری نے کہا کہ کوشش ہے کہ سول اسپتال کراچی کا یہ دل کا وارڈ مریضوں کے لئے شہر میں بہترین علاج کا مرکز بن جائے۔ پروفیسر روبینہ بشیر نے اسٹیج پر موجود خواتین کی طرف اشارہ کرکے کہا کہ آج خواتین کی اتنی بڑی تعداد میں یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین اداروں کی بہترین منتظم بن سکتی ہیں وہ نہ صرف گھر کو بہتر انداز میں چلا سکتی ہیں بلکہ اسپتالوں کو بھی  چلا سکتی ہیں۔ پروفیسر زرناز واحد نے کہا کہ سول اسپتال کارڈیالوجی کا شعبہ نواز لاشاری کی قیادت میں بہترین انداز میں میں کام کر رہا ہے تقریب کے آخر میں مہمانوں کو پروفیسر نواز لاشاری کی جانب سے اجرک، پھول اور شیلڈز پیش کی گئیں
سافٹ ڈرنکس

مزیدخبریں