لوئر کوہستان،گھر میں آتشزدگی،چھت گرنے سے10افراد جاں بحق

Mar 18, 2023


لوئر کوہستان + پشاور (آئی این پی‘ اے پی پی) لوئر کوہستان میں آگ لگنے کے بعد مکان کی چھت گر گئی، 10افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، 13کو بچالیا گیا، ریسکیو حکام کے مطابق لوئر کوہستان کے علاقے سیری پٹن میں گھر میں خوفناک آگ لگی، جس کے بعد مکان کی چھت گر گئی،ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں 10افراد جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے جبکہ ملبے سے 13افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، آخری اطلاعات آنے تک  ریسکیو ٹیموں کی امدادی کارروائیاں جاری تھیں، ملبے میں اب بھی ایک شخص کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعلی خیبر پی کے محمد اعظم خان نے لوئر کوہستان میں آتشزدگی کے واقعے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی   اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے مقامی انتظامیہ کو واقعے کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے اور ریسکیو سرگرمیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔وزیر اعلی نے اس واقعے میں جاں بحق افراد کی مغفرت، درجات کی بلندی  اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے  صبر و جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے لوئر کوہستان کے علاقے میں آتشزدگی کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں