راولپنڈی(آئی این پی)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایٹمی اور میزائل پروگرام مکمل محفوظ اور دبا ئوسے پاک ہونے کا بیان انتہائی خوش آئند ہے، قوم جان دے سکتی ہے، اثاثوں پر سمجھوتا نہیں کرسکتی، ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ لاہور میں سیاسی ماحول بہت کشیدہ ہے جس سے پورا صوبہ متاثر ہے، چوروں اور چوکیداروں میں کبھی صلح نہیں ہوسکتی، آئین کے مطابق 90دن میں الیکشن کروانے کا حکم سب کیلئے ہے،انہوں نے کہا کہ دوست ممالک موجودہ حکومت کو سمجھتے ہیں اس لیے 6ارب ڈالر کی یقین دہانی نہیں کرا رہے اور آئی ایم ایف سٹاف لیول معاہدہ نہیں کر رہا، حکمران بجلی، پٹرول، گیس کے نرخ بڑھا رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے میری ضمانتیں منسوخ کرنے کے لیے کل اپیل دائر کی ہوئی ہے، اگر میری ضمانتیں منسوخ ہوگئیں تو دھوم دھام سے سسرال جائوں گا۔