عمران خان نے جتھوں کی سیاست کو رواج دیا: سعد رفیق 


لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر ہوابازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے جتھوں کی سیاست کو رواج دیا، جتھوں کے ذریعے عدالتوں پر چڑھائی کی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور گاڑیوں کو آ گ لگائی، عمران خان کا پاکستان اور،  اور عام آدمی کا  اور ہے۔ کیا پی ٹی آئی کا ٹکٹ جنت کا ٹکٹ ہے، عمران خان ڈکٹیٹر بن کر فیصلے کر رہے ہیں، عمران خان لاشوں کی سیاست نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ  عمران خان عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کر یں۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں میں پیش ہو تے رہے اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کو روزانہ احتساب عدالت میں پیش کیا جاتا تھا۔ مسلم لیگ (ن) نے کبھی سرکاری اہلکاروں پر پتھرائو نہیں کیا۔ نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کو بستر مرگ پر چھوڑ کر گرفتاری دینے پہنچے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یاسمین راشد کی صدر مملکت کی آڈیو پر جو گفتگو ہوئی اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی سابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے گفتگو بھی پوری قوم نے سنی۔ زمان پارک میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس پر پتھرائو کیا۔ پٹرول بم پھینکے جس سے پولیس کے 65افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پر تشدد کرنے والوں کے خلاف حکومت سخت ایکشن لے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دو صوبوں میں عمران خان نے حکومت ختم کروا دی، اب اگر ان دو صوبوں میں پرانی مردم شماری کے مطابق الیکشن ہوتے ہیں اور اس کے بعد باقی دو صوبوں میں نئی مردم شماری کے مطابق الیکشن ہوں تو کیا یہ نیا تماشہ کھڑا نہیں ہو جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن