سٹاک مارکیٹ میں مندا ،سرمایہ کاروں کے170ارب ڈوب گئے

Mar 18, 2023


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سٹاک مارکیٹ میں مندا کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔ ملک پر چھائی ہوئی غیر یقینی سیاسی صورتحال اور عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ قرض کے معاملے پر تاحال معاہدہ نہ ہونے کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر مندی ریکارڈ کی گئی۔ حصص مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر کاروبار کے آغاز پر مثبت رحجان کا دیکھا گیا اور 100 انڈیکس میں ساڑھے 9 بجے تک 100 پوائنٹس کے قریب تیزی دیکھی گئی،تاہم اسی دوران سرمایہ کاروں کی عدم توجہہ کے باعث حصص مارکیٹ میں گراوٹ کی واپسی ہوئی، جو ٹریڈنگ کے دوران کاروبار کے اختتام تک چلتی رہی۔ حصص مارکیٹ میں 100انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 364 پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد 41 ہزار 330پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران مندا کے باعث 0.87 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 9 کروڑ 30 لاکھ 15 ہزار 969 شیئرز کا لین دین ہوا۔ مندا کے باعث سرمایہ کاروں کے 70 ارب روپے کے قریب ڈوب گئے۔

مزیدخبریں