لاہور(کامرس رپورٹر) ملک میں ابھرتے ہوئے میوزک کلچر کی اہمیت کے پیش نظر اسپاٹیفائی نے لاہور میں آرٹسٹ کمیونٹی کیلئے اپنی پہلی ماسٹر کلاس تقریب کا انعقاد کیا جس کا مقصد میوزک سٹریمنگ کے رجحانات، سامعین میں اضافہ اور نئے فیچرز سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ تقریب میں شریک میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے گلوکاروں میں معروف میوزک پروڈیوسر، کیوریٹر اور آرٹسٹ ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی بھی موجود تھے جنہوں نے پاکستانی میوزک انڈسٹری کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس سیشن میں پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکاکیلئے اسپاٹیفائی کے آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپ منیجر خان ایف ایم اور زلفی کی جانب سے گلوکاروں، آرٹسٹ منیجرز اور لیبلز کو یہ جاننے کا موقع ملا کہ وہ 'اسپاٹیفائی فار آرٹسٹس' کے ذریعے پاکستانی میوزک انڈسٹری کے رجحانات ، میوزک تخلیق کرنے، پلے لسٹس کی معاونت اور آڈیو اسٹریمنگ کی مناسبت سے اسپاٹیفائی پر اپنی ترقی کو زیادہ سے زیادہ کیسے بڑھا سکتے ہیں۔