چیئرمین سینیٹ سے ایم سی سی ریسورس ڈویلپمنٹ کمپنی کے صدر کی ملاقات


 اسلام آباد(نا مہ نگار)چیئرمین سینیٹ محمد صاد ق سنجرانی سے ایم سی سی ریسورس ڈویلپمنٹ کمپنی کے صدر ذینگ ذین جنگ (zhang Zhijun)نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین برادرانہ تعلقات کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔پاکستان اورچین آہنی بھائی، مثالی ہمسائے اور بہترین اسٹریٹجک شرکت دار ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین رشتہ باہمی اعتماد پر قائم ہے اور دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر بھی قریبی برادرنہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی میں اہم مقام رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں چین کے ساتھ دو طرفہ تعاون اوردوستی پر یکجا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے شاندار ترقی کی منازل طے کی ہیں اور ان کے دور حکومت میں پاکستان اور چین کے تعلقات نے نمایاں فروغ پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے سا تھ برادرنہ تعلقات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔ دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو مزید قریب لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے وسیع گنجائش موجود ہے اورعوامی سطح پر روابط کو مزید استحکام دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ جات کی بدولت پاکستان اور چین کے مابین روابط میں مضبوطی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سی پیک کی بدولت ان تعلقات کو نئی راہیں ملی ہیں۔سی پیک منصوبہ جات سے نہ صرف علاقائی تجارتی کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا بھر کے سرمایہ کار مستفید ہونگے اور دونوں ممالک کی عام عوام بھی فائدہ اٹھائے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ جات کے ڈھانچے دنیا کے لئے ترقی و خوشحالی اور ہم آہنگی کی مثال پیدا کریں گے جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس سے وابستہ تمام ممالک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور سی پیک نہ صرف گیم چینجر بلکہ فیٹ چینجر ہے۔ 
 ملاقات

ای پیپر دی نیشن