پارکو T20 کرکٹ :اوجی ڈی سی ایل کی سنسنی خیز کامیابی

Mar 18, 2023


کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاک عرب ریفائنری لمٹیڈ (پارکو) T20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا ساتواں ایڈیشن، معین خان اکیڈمی، کراچی میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمٹیڈ (او جی ڈی سی ایل) اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان ایک سنسنی خیز فائنل کے ساتھ اختتام پزیر ہوگیا۔انتہائی متوقع میچ کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے، پروقار ٹرافی کے حصول کے لیے،بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ٹورنامنٹ کی شاندار اختتامی تقریب میں کھیلوں اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں اور معروف کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس سنسنی خیز مقابلے میں او جی ڈی سی ایل کی ٹیم نے پی ایس او کی ٹیم کو 14 رنز سے شکست دی جس میں محمد بلال نے او جی ڈی سی ایل کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارکو کے منیجنگ ڈائریکٹر، جناب شاہد محمود خان نے ٹورنامنٹ کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے او جی ڈی سی ایل کو ساتواں پارکو T20 کپ جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے جذبے اور عزم کو سراہا۔پارکو ایسے اقدامات جاری رکھنے کا عزم کرتا ہے جو صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے اور برادرانہ تعلقات مضبوط بناتے ہیں۔ساتویں پارکو T20 کپ کی کامیابی کمپنی کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے جو مستقبل میں بھی اسی طرح کے ایونٹس منعقد کرانے کی خواہشمند ہے۔پارکو 2015ئ سے انڈسٹری کی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کر رہاہے۔اس سال، پاکستان کی پیٹرولیم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی 12 معروف کمپنیوں نے پارکوT20 کپ میں شرکت کی اور کانٹے دار مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا۔ان ٹیموں میں پارکو، ٹوٹل پارکوپاکستان لمٹیڈ، شیل پاکستان لمٹیڈ، سنرجی کو پی کے لمٹیڈ، پاکستان اسٹیٹ آئل لمٹیڈ(پی ایس او)، آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان پٹرولیم لمٹیڈ(پی پی ایل)، نیشنل ریفائنری لمٹیڈ (این آر ایل)، اٹک پیٹرولیم، پاکستان ریفائنری لمٹیڈ(پی آر ایل)، حیسکول پیٹرولیم لمٹیڈ اور یونائٹیڈ انرجی پاکستان لمٹیڈ نے شرکت کر کے ایونٹ کو یادگار بنایا۔

مزیدخبریں