کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون سمیت 13ملزمان کو 14روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت میں تحریک انصاف کے نیٹی جیٹی پل پر احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون سمیت13 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔تحریک انصاف کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت کی اور کہا کہ پرامن احتجاج پر سیاسی کارکنان پر دہشتگردی کا مقدمہ بنادیا۔عدالت نے تمام ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا اور تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر چالان طلب کرلیا۔عدالت نے مقدمے کی سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی۔