پوسٹنگ کیلئے رشوت‘ سابق ایم ایس لانڈھی کی خودکشی کی کوشش 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع ملیر کے ایم سی ایچ لیبر اسکوائر لانڈھی اسپتال کے سابق ایم ایس ڈاکٹر عبدالعزیز سوڈھر نے پوسٹنگ کے لئے مبینہ طور پر رشوت طلب کئے جانے پر خودکشی کی کوشش کی تاہم انہیں بچا لیا گیا۔ محکمہ صحت سندھ نے سابق ایم ایس لانڈھی اسپتال کی خودکشی کی کوشش کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی، جس کیلئے اسپیشل سیکریٹری صحت محمد نواز سوہو کو انکوائری افسر تعینات کیا گیا ہے، جو ڈاکٹر عبدالعزیز کے الزامات کی تحقیقات کریں گے۔ محکمہ صحت سندھ نے ڈاکٹر عبدالعزیز کے الزامات پر سیکشن افسر  آغا الطاف کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے  جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی  ہے۔ وزیر صحت سندھ کی ہدایت پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر جمن باہوتو نے میڈیکل آئی سی یو اوجھا کیمپس میں داخل ڈاکٹر عزیز سوڈھر کی عیادت کی۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عزیز کی حالت خطرے سے باہر ہے، اے بی جیز اور ایکس رے کے نتائج نارمل ہیں، آج شام انہیں آئی سی یو سے وارڈ میں منتقل کیا جائے گا، ممکنہ طور پر 2دن کے اندر گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔  گریڈ 19کے ڈاکٹر عبدالعزیز سوڈھر نے خودکشی کی کوشش سے قبل لکھی گئی تحریر میں سندھ سیکریٹریٹ کے سیکشن آفیسر آغا الطاف سمیت کئی افراد پر رشوت طلب کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ای پیپر دی نیشن