لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ ملک سیاسی انتشار کا شکار غریب عوام کی کسی کوفکر ہی نہیں۔ سیاستدانوں کی ساری توجہ توشہ خانہ، کال ریکارڈنگ اور ایک دوسرے کی کردار کشی پر مبذول ہے۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ روپے کی قدر میں کمی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایسے اقدامات ہیں جن سے ہر فرد اور شعبہ ہائے زندگی متاثر ہوتا ہے، اس کے نتیجے میں ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ لوئر مڈل کلاس اور غریب افراد کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر اشیاء ضروریہ کے نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے، آٹا، چینی، دالوں، سبزیوں اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں،جان بچانے والی ادویات کے بے قابو نرخوں سے عوام مسلسل ذہنی پریشانی اور کرب میں مبتلا ہیں۔ بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتیں عوام کو پہلے ہی حیران و پریشان کیے ہوئے ہیں، ہنر مند افراد روزگار کی تلاش میں دھکے اورتعلیم یافتہ افراد ملازمتوں کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ حکمران وقت سے پہلے آنکھیں کھول لیں۔ مہنگائی اور بیروزگاری کو سنجیدہ لیں، ورنہ مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان حکمرانوں کے اقتدار کو بہا لے جائے گا۔