قرآن مجید کے بعد صحیح بخاری شریف کا اعزاز قیامت تک برقرار رہیگا:اشرف جلالی

Mar 18, 2023


لاہور(خصوصی نامہ نگار) جامعہ نعمان بن ثابت کا ختم بخاری شریف کا سالانہ پروگرام حضرت مولانا محمد اشرف شاد ترابی کی سرپرستی میں انعقاد ہوا۔ اجتماع کی صدارت عراق سے تشریف لائے ہوئے فضیل الشیخ سید محمد لطیف حسینی برزنجی نے کی جبکہ سید شاہ سراج الحق قادری مہمان خصوصی تھے۔ ختم بخاری شریف کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ ؐکے سربراہ کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا امام محمد بن اسماعیل بخاری قدس سرہ العزیز نے احادیث مصطفی ؐ کی حفاظت میں تاریخی کردار ادا کیا۔ تدوین حدیث میں آپ کا کوئی ثانی نظر نہیں آتا۔ صحیح بخاری شریف قرآن مجید کو سمجھنے کا سب سے مستند ذریعہ ہے۔ قرآن مجید کے بعد صحیح بخاری شریف کا صحیح ترین کتاب ہونے کا اعزاز قیامت تک برقرار رہے گا۔ صحیح بخاری شریف قوانین شریعت کا عظیم ماخذ اور علم و حکمت کا سرچشمہ ہے۔ امام بخاری نے صحیح بخاری شریف لکھ کر امت پر جو احسان کیا، وہ لازوال ہے۔ بخاری شریف سے مستفیض ہونے کیلئے رموزِ بخاری کو سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ امام بخاری نے بعد کے علمائے کرام کو جابر حکمرانوں کے مقابلہ میں کلمۂ حق بلند کرنے کا سلیقہ عطا کیا۔ امام بخاری نے سنی نظریات اور معمولات کا بھر پور دفاع کیا ہے۔ سالانہ اجتماع بخاری شریف میں قاری علی اکبر نعیمی، مفتی محمد سعید قمر سیالوی، مولانا محمد حبیب اللہ سیالوی، ڈاکٹر محمد منصور، شیخ قدیر الزمان جلالی، مولانا غلام رسول جلالی، صوفی منیر احمد قادری و دیگر نے شرکت کی۔

مزیدخبریں