لاہور (نیوز رپورٹر‘ خبر نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے ملک کو سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے مخلوط حکومت سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کی ایک میز پر ملاقات کیلئے تاریخ اور مقام کا تعین کرے۔ فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا کہ اعظم نذیر تارڑ مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کیلئے آئے روز بیان دے رہے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے بھی مذاکرات کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو بیان سے آگے بھی بڑھائیں۔ عمران خان پہلے ہی مذاکرات کی حمایت کر چکے ہیں۔ فواد چودھری نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر بات کرتے ہوئے ملاقات کی تاریخ اور مقام کا مطالبہ دہرایا اور کہا آپ جس مقام کی بھی دعوت دیںگے‘ اسد عمر وہاں حاضر ہو جائیں گے۔ آپ بات کریں‘ ہم اس کیلئے تیار ہیں۔ فواد چودھری نے کہا مجھ پر ایک اور مقدمہ درج کئے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا جھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر پہنچنے سے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں۔ ملک میں انتشار سر اٹھا چکا ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ ہے کہ لانگ میزائل پروگرام روک دیں۔ یہ بہت بڑے بحران کا اشارہ ہے۔ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں سے تعلقات برباد کر دیئے ہیں۔ شہباز شریف اس ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، پٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کر دی ہے، لوگ بچوں کو پیدل سکول چھوڑنے جاتے ہیں کیونکہ پٹرول ڈلوانے کے پیسے نہیں۔ لاہور میں آج امن لاہور ہائیکورٹ کی وجہ سے ہے، جسٹس طارق سلیم شیخ کو اس کا تمام کریڈٹ جاتا ہے، عدالتی حکم پر رات کو ہماری ملاقات ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ آئی جی پنجاب عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے عمران خان کو سکیورٹی فراہم کریں۔ تحریک انصاف کو دیوار کے ساتھ نہ لگایا جائے۔ اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ دارشہبازشریف‘ رانا ثناء اللہ‘ آئی جی پنجاب ہوں گے۔ سنیٹر شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی درندے عمران کو سیاسی منظرنامے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
مخلوط حکومت تمام جماعتوں کی ایک میز پر ملاقات کیلئے تاریخ دے: فواد چودھری
Mar 18, 2023