سیا سی ومعا شی مشکلات کا سامنا، سنجرانی ، مل بیٹھنانا گزیر : اعظم تارڑ ، مستقبل روشن ، ڈار

Mar 18, 2023


اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار + اے پی پی) سینٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے خصوصی یادگاری سیشن کے تیسرے دن چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ہمیں اہم اقتصادی، سماجی اور سیاسی مشکلات کا سامنا ہے لیکن  ہمارے پاس ٹیلنٹ، ویژن اور عزم ہے کہ ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کریں اور ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کریں جو مضبوط، زیادہ مستحکم اور خوشحال ہو۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے خصوصی یادگاری سیشن کے تیسرے دن کا اجلاس چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ سینٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے خصوصی سیشن کے تیسرے دن کے اجلاس میں معزز سینیٹرز، پارلیمنٹرینز، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے چیئرمین سینٹ محمد صاد ق سنجرانی نے کہا کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم سب سینٹ کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں۔ ہمیں اہم اقتصادی، سماجی اور سیاسی رکاوٹوں کا سامنا ہے جن پر قابو پانا ضروری ہے اور ہم نے اپنے مقاصد کو حاصل کرنا ہے اور اس عظیم قوم کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہے۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور سینٹ سیکرٹریٹ کی پوری ٹیم کو ایوان بالا کی گولڈن جوبلی کی شاندار تقریبات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اداروں کو خود اپنا احتساب کرنے کے حوالے سے اس طرح کے پروگرام منعقد کرانے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور ملک کی جو سیاسی صورتحال ہے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ملک کے بہتر مستقبل کے لئے حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔ مذاکرات کے ذریعے ہی تمام مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ ہمیں ماضی سے سبق سیکھانا چاہیے اور ملک کے بہتر مستقبل کے لئے مل کر کام کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جنہوں نے ایوان بالا کے قیام کیلئے کام کیا تھا ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کادن ہے۔یہ ادارہ وفاق میں شامل قوموں اور علاقوں کی یکساں نمائندگی کرتا ہے۔ سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ تمام ادارے اور سیاستدان مل کر ایسی حکمت عملی اختیار کریں جس سے مہنگائی سمیت دیگر مسائل پر جلد سے جلد قابو پایا جا سکے۔  سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سینٹ گولڈن جوبلی کے آخری روز اپنے خطاب میں ایک بار پھر چیئرمین سینیٹ کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ مشیر عرفان صدیقی نے کہا کہ آئین پر ڈاکہ ڈالنے اور اس سے کھیلنے والوں کے نام سامنے آنے چاہئیں۔ یادگاری اجلاس کے دوارن مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کرنے والے سینیٹرز جن میں سینیٹر منظور احمد کاکڑ، سینیٹر شمیم آفریدی، سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان، سینیٹر محمد قاسم، سینیٹر پروفیسر ساجد میر، سینیٹر ہلال الرحمان نے بھی اپنے خطابات میں چیئرمین سینٹ اور سینٹ سیکرٹریٹ کو ایوان بالا کی گولڈن جوبلی پر مبارکباد دیتے ہوئے ایوان بالا کے اختیارات بڑھانے پر زور دیا۔ مزید برآں، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، جس میں  سینٹ سیکرٹریٹ کے عملے کی جانب سے ایوان بالا کی گولڈن جوبلی کی شاندار تقریب کے انعقاد کے لیے کوششوں کو سراہا گیا۔ اس کے علاوہ سینیٹر میاں رضا ربانی نے بھی ایک قرارداد پیش کی جس میں چیئرمین سینٹ کو اس خصوصی یادگاری اجلاس کے کامیاب انعقاد پر سراہا گیا جو سینٹ کے 50 سالہ سفر کا احاطہ کرتا ہے۔ ایوان نے یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ تقریب کے آخر میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے تمام پارلیمنٹرین، مختلف اداروں کے نمائندوں کو ایوان بالا کی گولڈن جوبلی کی تقریبات میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء ایوان بالا میں وفات پا جانے والے سینیٹروں کے لئے مولانا عبدالغفور حیدری نے دعائے مغفرت کرائی۔

مزیدخبریں