ڈی جی آپریشنز نوائے وقت گروپ سید احمد ندیم قادری کی چینی سفیر سے ملاقات


لاہور، اسلام آباد (سپیشل کارسپانڈنٹ) نوائے وقت گروپ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری نے گزشتہ روز عوامی جمہوریہ چین کی قائم مقام سفیر مس فنگ چون شوئے سے چینی سفارتخانہ اسلام آباد میں ملاقات کی جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں پاک چین دوستی اور اس کے تاریخی پس منظر‘ خطے کی جیوسٹرٹیجک حالات‘ پاک چین باہمی تعاون‘ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور سی پیک کے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے قائم مقام سفیر کو چینی صدر شی جن پنگ کے صدر کے عہدے کے لئے تیسری مرتبہ انتخاب پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ انتخاب چینی عوام کے صدر شی پر غیر متزلزل اعتماد اور یقین کا مظہر ہے جنہوں نے مختصر مدت میں 80 کروڑ چینی عوام کو غربت کی لکیر سے نکال کر ایک خوشحال اور باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنایا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر شی کے انتخاب سے بین الاقوامی امن و استحکام‘ خوشحالی اور بیلٹ اینڈ روڈ کے مقاصد کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نوائے وقت گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ رمیزہ مجید نظامی کی طرف سے بھی صدر شی جن پنگ کے انتخاب پر مبارکباد اور چینی عوام کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے بحیرہ جنوبی چین کے تناظر میں سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے اور اسے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچنا چاہئے۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو پروگرام کی ملک گیر آگاہی کے لئے محترمہ رمیزہ مجید نظامی کی رہنمائی میں نوائے وقت کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ نوائے وقت گزشتہ چار سالوں سے مسلسل بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے عالمی پروگرام کی سیریز شائع کر رہا ہے جو پاکستان میں ایک ریکارڈ ہے۔کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سیریز کی پچاسویں (گولڈن جوبلی) قسط کے اجراء کے موقع پر ایک پروقار تقریب کے انعقاد کا ارادہ ظاہر کیا جسے سفیر محترمہ نے بہت سراہا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ قائم مقام سفیر مس فنگ چون شوئے نے کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری کی سفارتخانہ آمد پر ان کا پرجوش استقبال کیا اور ان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے میڈم رمیزہ مجید نظامی کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی میں نوائے وقت ’’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو پروگرام‘‘ کی ملک گیر آگاہی کے لئے اپنا مثبت اور انتھک کردار ادا کر رہا ہے۔ سفیر محترمہ نے کہا کہ پاک چین دوستی کے فروغ کے لئے نوائے وقت کا کردار مثالی اور نہایت قابل تعریف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوائے وقت اس پروگرام کو روشناس کروانے کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے نوائے وقت اور محترمہ رمیزہ مجید نظامی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے سفیر محترمہ کو نوائے وقت ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے بخوشی قبول کر لی۔ بعدازاں چینی سفارتخانے نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ سے قائم مقام سفیر مس فنگ چون شوئے اور سید احمد ندیم قادری سے ملاقات کی تصاویر ٹویٹ کیں اور لکھا کہ ملاقات نتیجہ خیز رہی۔ نوائے وقت گروپ اور کرنل قادری کی چین پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے پر تعریف کی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...