پرتگالی قومی ٹیم اور سعودی النصر کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ جورجینا نے اپنے بچے کی موت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ میری زندگی کا بدترین لمحہ تھا۔ ’’ نیٹ فلیکس‘‘ پلیٹ فارم پر اپنی دستاویز سیریز ’’ آئی ایم جو رجینا‘‘ کے دوسرے سیزن کے ٹریلر میں انہوں نے اپنی خاندانی زندگی کی تفصیلات واضح کی ہیں۔ انہوں نے کہا 40 ملین افراد مجھے فالو کرتے ہیںلیکن کوئی نہیں جانتا کہ میں کیا محسوس کرتی ہوں۔ نیٹ فلیکس پر سیریز میں رونالڈو کی ساتھی نے واضح کیا سال 2022 کے دوران میں اپنی زندگی کے بہترین اور بدترین لمحات سے گزری ہوں۔ جورجینا اور رونالڈو کو اس سال اپریل میں اپنے جڑواں بیٹے ’’ انجیل‘‘ کی موت کا اعلان کرنا پڑا اور انہوں نے اپنی پہلی بیٹی ’’ بیلا‘‘ کے دنیا میں آنے کی خوش خبری بھی دنیا کو سنائی۔ویڈیو کلپ میں رونالڈو اور جورجینا کی ایک ویڈیو بھی دکھائی دیتی رہی جس میں دونوں اپنے جڑواں بچوں کو تھامے ہوئے تھے۔ اس کے بعد تصاویر دکھائی گئیں جن میں دونوں نے اپنی نوزائیدہ بیٹی کو پکڑا ہوا ہے۔ پھر دکھایا گیا کہ جورجینا رو رہی ہیں۔ اسی وقت فٹبال سٹار رونالڈو آگے بڑھے اور جورجینا کو غم پر قابو پانے میں مدد کی۔جورجینا نے کہا کہ زندگی مشکل ہے، زندگی چلتی رہتی ہے۔ میرے پاس آگے بڑھنے اور مضبوط ہونے کی وجوہات ہیں۔ رونالڈو نے واقعی مجھے اپنے کام کو جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ رونالڈو نے مجھے کہا کہ جیو، اپنی زندگی کے ساتھ چلو۔ یہ تمہارے کام آئے گا۔ رونالڈو کی پانچ سالہ بیٹی ’’الانا‘‘ کی ماں جورجینا نے اپنے چاہنے والوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اب میری ترجیح میرا خاندان اور میرے بچے ہیں۔ میں بہت خوش اور شکر گزار ہوں۔ واضح رہے گزشتہ سال رونالڈو اور جورجینا نے اپنے بیٹے کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر مشترکہ پوسٹ میں شیئر کی تھی۔
40 ملین افراد مجھے فالو کرتے ہیںلیکن کوئی نہیں جانتا کہ میں کیا محسوس کرتی ہوں: جورجینا
Mar 18, 2023 | 10:30