سوشل میڈیاپر شہداکی توہین ملک دشمنی مہم کے پیچھے پی ٹی آئی اکائونٹس بلاک کرینگے

 ا سلام آبا+لاہور( خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)  وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ شہدا کی توہین اور تضحیک کسی صورت قابل قبول نہیں، ایسے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا جس میں پاک فوج کے جوان اور افسران شہید ہوئے لیکن ایک سیاسی جماعت نے شہدا کی قربانیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر توہین آمیز مہم چلائی جو قابل مذمت ہے۔یہ سیاسی جماعت پہلے بھی شہدا کیخلاف توہین آمیز رویہ اختیار کر چکی ہے، پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم ان اکاؤنٹس کے پیچھے ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج، پولیس اور عوام نے قربانیاں دی ہیں، شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، سوشل میڈیا مہم کے پیچھے لوگوں کی شناخت کی جا چکی ہے، اس طرح کی مہم چلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ عطا تارڑ نے کہا شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، سو مرتبہ سیاسی تنقید کریں، خدارا شہدا کے خلاف تو ایسا مت کریں، سرحد کے پارپاکستان مخالف لابی بھی اس گھناؤنی مہم میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ  سیاسی استحکام کے نتیجے میں ہی معاشی استحکام آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر اقتصادی معاملات پر میٹنگ کر رہے ہیں، ملکی معاشی صورتحال فوری اقدامات کی متقاضی ہے، خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری کی جائے گی ، قومی یکجہتی اور سلامتی کیلیے ہمیں اکٹھے ہونا چاہیے،کچھ ریڈ لائنز کو عبور نہیں کرنا چاہیے، تنقید برائے اصلاح کریں۔ ملک کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے، ہمیں قومی مسائل پر اکٹھا ہونا چاہیے، میثاق معیشت کی ہماری دعوت قبول کی جاتی تو آج حالات مختلف ہوتے۔

اسلام آباد( خبرنگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت  )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میر علی حملے کے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں ضرور کامیاب ہونگے۔ اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہماری پاک فوج لازوال قربانیاں دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے خلاف ایک سیاسی جماعت نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی، ان کی شہادتوں کا مذاق اڑایا گیا، وطن کے ساتھ اس سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اہم پیشرفت بھی سامنے آئی ہے، ان دہشت گردوں کے سہولت کار ٹریس ہوئے ہیں، ہمیں افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا بھی علم ہے۔ سب کو متحد ہونا ہو گا۔ مسلم لیگ ن ماضی کی طرح دوبارہ ان دہشت گردوں کا خاتمہ کریگی ۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ الیکشن میں اختلافات پر شہدا کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے اور جو جماعت ایسا کر رہی ہے وہ اصل میں اپنی شناخت بھی کھو چکی ہے، کون اس پارٹی کو چلا رہا ہے اور کون ملک سے باہر بیٹھ کر گالیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آئی ایم ایف اور امریکی کانگریس میں کو خط لکھتے ہیں کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے، گزشتہ روز اسمبلی میں بھی ان لوگوں نے غزہ سے متعلق قرارداد کیخلاف ووٹ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی جماعت نے ایسا نہیں کیا جو یہ لوگ کر رہے ہیں، کوئی بھی سیاسی جماعت حد پار کرے گی تو اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا، اس سے ملک کی سالمیت کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ان کا اقتدار انکی اپنی کرتوتوں کی وجہ سے گیا، ان کی اپنی صفوں میں پھوٹ ہے۔ سینٹ الیکشن فکس میچ ہے تو پھر یہ کیوں حصہ لے رہے ہیں، نا حصہ لیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی گزشتہ حکومت کے دوران افغانستان سے ہزاروں دہشت گردوں کو پاکستان لایا گیا اور ہمارے سینکڑوں لوگوں کے قاتلوں کو معافی دے دی گئی اور اسی کا خمیازہ آج ہم ملک میں اس بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن