ہمارے بیٹے بھائی سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں وعدہ کرتا خون رائیگاں نہیں جائیگا

Mar 18, 2024

ا سلام آبا( خبرنگار خصوصی ) دہشتگردوں کے حملے میں گذشتہ روز شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی ، آئی ایس پی آر کے مطابق 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شاہد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا ،نماز جنازہ میں صدر آصف علی زرداری، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، سینئر حاضر سروس فوجی اور سول افسران، شہدا کے رشتے داروں اور علاقے کے مقامی لوگوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے میر علی ، شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے ،  دہشت گردوں سے جوانوں کے بہائے گئے خون کا خراج لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر بھائی ، بیٹے اور دوست سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں ، وعدہ کرتا ہوں کہ ہمارے بیٹوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور فوج ایک ساتھ ہیں ، دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے ۔  صدر زرداری نے کہا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے جنہوں نے ہماری مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی پیش کرنے میں کبھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔ ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے۔ ان پائیدار اصولوں کی رہنمائی میں، پاکستانی فوج نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کی اعلی مثال قائم کی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کی ایک اور شاندار روایت ہے جنہوں نے ہماری مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی پیش کرنے میں کبھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔بعدازاں، شہدا کی میتوں کو ان کے آبائی شہروں میں لے جایا گیا ہے جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

مزیدخبریں