حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے لائن لاسز کو کنٹرول کرے :اشرف بھٹی 

Mar 18, 2024

لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر بجلی مزید مہنگی کرنے کی یقین دہانی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کیلئے بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی پہلے ہی مشکلات کا باعث ہے۔ حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے لائن لاسز کو کنٹرول کرے اور نا دہندگان سے وصولی کویقینی بنایا جائے۔ آئی ایم ایف سے نئے پروگرام کیلئے اصلاحات کے حامی ہیں لیکن بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمتوںمیں اضافہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں۔ پسے ہوئے طبقات اور تاجر طبقہ بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا متحمل نہیں ہوسکتا اس لئے آئی ایم ایف کو متبادل انتظام کیلئے تجاویز پیش کی جانی چاہئیں۔ 
حکومت بتائے توانائی سیکٹر کے گردشی قرضے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔ تاجر اور عوام تو ہر ماہ اپنا بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔ توانائی سیکٹر کا گردشی کم کرنے کیلئے ایڈجسٹمنٹ اور ٹیرف میں اضافے کی یقین دہانی پر سخت تشویش ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے اور ان کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو رہا۔ حکومت غریب سے مزید کسی قربانی کا تقاضہ کرنے کی بجائے اشرافیہ سے وصولی کرے۔

مزیدخبریں