لاہور(سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار)مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی بھی پنجاب پولیس کے فلاحی اقدامات کے مداح نکلے،سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کے ہمراہ پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر گلبرگ کا دورہ، ریسکیو کئے گئے جانوروں کو سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوںنے پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر کو بے سہارا، زخمی اور بیمار جانوروں کے علاج و بحالی کیلئے مثالی پراجیکٹ قرار دیا اور کہا کہ خدمت خلق کے اس اہم سنگ میل اینیمل ریسکیو سنٹر کو ورکنگ میں ہر ممکن سپورٹ فراہم کریں گے۔اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی اور جے ایف کے کی سی ای او ذوفشاں انوشے نے شاہد آفریدی کو اینیمل ریسکیو سنٹر بارے بریفنگ دی۔ اے ایس پی شہربانو نقوی نے کہا کہ لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں پنجاب پولیس کے اینیمل ریسکیو سنٹرز(PARC) فعال ہیں۔پولیس اینیمل ریسکیو سنٹرز پنجاب پولیس اور جانوروں کے حقوق کیلئے سرگرم تنظیم کے اشتراک سے قائم کئے گئے ہیں۔پولیس اینیمل ریسکیو سنٹرز میں ویٹرنری ڈاکٹرز، ایمبولینس، ریسکیو سٹاف، پولیس ٹیم موجود ہیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر بے سہارا، زخمی جانوروں کے علاج معالجے و بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔دیگر صوبوں کو پولیس فورسز اور اداروں کو پنجاب پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر جیسے ادارے بنانے چاہئیں۔شاہد آفریدی کا مشتاق احمد کے ہمراہ سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشن گلبرگ کا بھی دورہ،اے ایس پی گلبرگ سیدہ شہربانو نے شاہد آفریدی کو سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشن، سائبان دفتر کی ورکنگ بارے آگاہ کیا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ تھانوں اور پبلک سہولیات مراکز کی اپ گریڈیشن شہریوں کو خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس کا احسن اقدام ہے ۔